• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کا معاملہ: ماڈل روبینہ خان نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی

شائع September 20, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف ماڈل روبینہ خان نے فیشن شوٹنگ کے دوران میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی ذمہ داری اور غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔

ماڈل روبینہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر نبیلہ سیلون کے نامور میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے جھگڑا/ تنازع ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’معاملات حل ہوگئے ہیں، میں بریان ولیمز اور نبیلہ سمیت ان تمام لوگوں سے معافی چاہتی ہوں جنہیں میری وجہ سے تکلیف ہوئی۔‘

انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں واقعے کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں اور معاملات سنبھالنے کی پوری کوشش کروں گی۔‘

بعد ازاں میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر ماڈل کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری ماں نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ معافی کی طاقت زیادہ ہوتی ہے اس لیے میں اب تمام معاملات یہاں ختم کرتا ہوں۔‘

صدف کنول اور اداکارہ زباب رانا نے دونوں کے درمیان معاملات طے پانے کو سراہا۔

واقعے کا پس منظر

29 اگست 2023 کو فیشن شوٹنگ کے دوران معروف ماڈل روبینہ خان شاہ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے ذریعے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

شوٹنگ سیٹ پر تشدد کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب روبینہ خان شاہ کے فون کو میک اپ آرٹسٹ نے اپنے پاس رکھنے سے انکار کیا۔

میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کرنے کی بات سامنے آنے کے بعد متعدد معروف اور سُپر ماڈلز نے روبینہ خان شاہ پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بریان ولیمز نے لکھا تھا کہ ’کل میرے کام کی جگہ پر 5 مسلح افراد نے مجھ پر جسمانی حملہ کیا اور ہراساں کیا، کیونکہ میں نے شوٹنگ کے دوران ماڈل کے قیمتی زیورات اپنے پاس رکھنے سے انکار کر دیا تھا‘۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ’یہ واقعہ اس وقت شروع ہوا جب ماڈل نے اپنا زیور میرے پاس رکھنے کو کہا اور میں نے ان کا قیمتی سامان اپنے پاس رکھنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ہمیں نبیلہ سیلون کی طرف سے دیگر ماڈلز کی ذاتی اشیا رکھنے کی اجازت نہیں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ اسٹائلسٹ ٹیم سے پوچھ سکتی ہیں کہ آپ کا سامان رکھنے کی ذمہ داری کس کی ہے، جس کے بعد ماڈل نے مجھ سے بدتمیزی کی، نامناسب الفاظ استعمال کیے اور دھمکیاں دینی شروع کردیں، کچھ دیر بعد میں نے دیکھا کہ 4 سے 5 مسلح افراد سیڑھیوں پر چڑھ رہے ہیں اور مجھ پر حملہ کرتے ہیں، ان مسلح افراد نے مجھے دوسری منزل سے گراؤنڈ فلور تک گھسیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا‘۔

تاہم اس سے قبل روبینہ خان نے اپنی طرف کی کہانی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے ’دو ٹکے کی ماڈل‘ کہنے پر وہ طیش میں آگئیں اور انہوں نے بھی تیز آواز میں بات کرنا شروع کی، جس پر وہاں شور ہوگیا۔

روبینہ خان شاہ نے لکھا کہ کوئی بھی غیرت مند شوہر اپنی بیوی کے لیے ’دو ٹکے کی ماڈل‘ کے لفظ برداشت نہیں کر سکتا اور یہ کہ اگر میک اپ آرٹسٹ یہی الفاظ کسی اور ماڈل کے لیے کہتا تو ان کا کیا رد عمل ہوتا؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024