• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ امریکی اسٹنٹ ایوارڈ کیلئے نامزد

شائع September 20, 2023
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

گزشتہ برس ریلیز ہونے والی پاکستان کی مقبول ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ’ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈ‘ نامی عالمی اعزاز کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اس فلم کا اختتامی منظر ’بہترین فائٹ سین‘ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

فلم ساز بلال لاشاری کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے اختتامی منظر میں مولا جٹ اور نوری نتھ کے ایکشن سین کو فلمایا گیا ہے، جسے اداکار فواد خان اور حمزہ علی عباسی نے ادا کیا تھا۔

فلم کے اس منظر کو اسٹنٹ ماسٹر ایان وان ٹیمپرلے نے اپنی نگرانی میں کروایا تھا، ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈ کی کیٹیگری میں پاکستانی فلم کے مقابلے میں دیگر فلمیں بھی نامزد ہوئی ہیں جن میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ اور ’دی گرے مین‘ بھی شامل ہیں۔

ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز ہر سال منعقد ہونے والی ایک سالانہ ایوارڈ تقریب ہے جو دنیا بھر کی فلموں میں اسٹنٹ اداکاروں کی بہترین پرفارمنس کے لیے دیا جاتا ہے، یہ تقریب ہر سال لاس اینجلس میں منعقد ہوتی ہے، ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز کی پہلی تقریب 2001 میں ہوئی تھی جہاں اداکاروں کو ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

فوٹو: ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈ/اسکرین شاٹ
فوٹو: ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈ/اسکرین شاٹ

ہالی وڈ کی متعدد بلاک بسٹر فلمیں ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وڈ (Once Upon a Time in Hollywood) ، کنگز مین (Kingsman) ، فاسٹ اینڈ فیوریئس 6 (Fast and Furious 6) ، انسیپشن (Inception) اور دی ایوینجرز (The Avengers) اسٹنٹ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں، اور اب پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھی یہ ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔

ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ڈسکرپشن باکس میں لکھا گیا کہ مولا اور نوری کئی طرح کے ہتھیاروں سے لڑتے ہیں، کلوز اپس اور وائیڈ اینگل میں اداکاروں نے مختلف طرح کے اسٹنٹ پرفارم کیے، اسٹنٹ کی ریہرسل کرنے میں دو ہفتے لگے اور شوٹنگ میں ایک ہفتہ لگا، ہتھیاروں کا بہترین انداز میں استعمال کیا گیا اور اداکاروں نے کئی گھنٹوں کی مشق اور مہارت کے ساتھ اسے کامیابی سے نبھایا۔

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی، اپنی ریلیز کے چوتھے ہفتے کے دوران یہ فلم دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن گئی تھی، مقامی سطح پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم کو 2022 کے لیے برطانیہ میں دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بننے کا اعزاز بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ یہ 2022 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جنوبی ایشیائی فلم ہے، یہی نہیں بلکہ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں فلم ساز بلال لاشاری کو فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے لیے بہترین فلم ساز کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024