سوچ رکھا تھا شوبز انڈسٹری کے مرد سے شادی نہیں کروں گی، اقرا عزیز
مقبول اداکارہ اقرا عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پہلے سے ہی سوچ رکھا تھا کہ وہ شوبز کے کسی مرد سے شادی نہیں کریں گی۔
اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں خود سے 11 سال زائد العمر اداکار یاسر حسین سے شادی کی تھی۔
دونوں کے درمیان 2018 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور ان کے ہاں شادی کے ڈیرھ سال بعد جولائی 2021 میں بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی۔
حال ہی میں اداکارہ نے ’مذاق رات‘ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر، شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد زندگی میں آںے والی تبدیلیوں سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے شو میں بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی بہتر پرورش اور تعلیم کے لیے ان کی والدہ نے ٹیکسی بھی چلائی۔
اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ جب ان کی والدہ ٹیکسی چلاتی تھیں تب اگر کوئی ان کی والدہ کی طرف دیکھتا بھی تھا تو وہ ان سے جھگڑا کر دیتی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ 14 سال کی عمر میں انہوں نے پہلا ٹی وی کمرشل کیا تھا لیکن چند سال بعد جب انہوں نے ڈرامے کے لیے پہلا آڈیشن دیا تو انہیں ڈرامے کے لیے کاسٹ نہیں کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ آڈیشن دینے والی حنا الطاف کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں اداکاری شروع کی اور پہلے ہی دن سے اسکرپٹ کو پڑھ کر انہوں نے کرداروں کی پیش کش قبول کی، جس وجہ سے ہی ان کے کرداروں کو پسند کیا جاتا ہے۔
ایوارڈز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی تعداد معلوم نہیں لیکن ان کے پاس بہت سارے ایوارڈز ہیں۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماں بننے کے بعد ان میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ اب ان میں غصہ کم ہوگیا ہے اور اب وہ بعض ایسی باتوں کو بھی برداشت کرلیتی ہیں جنہیں بچے کی پیدائش سے قبل وہ برداشت نہیں کر پاتی تھیں۔
انہوں نے شوہر یاسر حسین کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی طے کر رکھا تھا کہ وہ شوبز کے کسی مرد سے شادی نہیں کریں گی لیکن شوہر سے ملنے کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ بدلا۔
اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ یاسر حسین شادی سے قبل ہی ان کی بہت مدد کرتے تھے، انہیں ہر وقت آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے تھے، جس وجہ سے وہ انہیں اچھے لگنے لگے اور پھر انہوں نے ان سے ہی شادی کا فیصلہ کیا۔
اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی شادی پر اس لیے نہیں روئیں، کیوں کہ انہیں کم عمری سے ہی جلد شادی کرنے کا شوق تھا اور جب ان کی شادی طے ہوئی تو وہ خوش ہوئیں اور رات کو 4 بجے خود انہوں نے زبردستی اپنی رخصتی کروائی۔