• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

صومالیہ نے پاکستان کے تعاون سے ’آئی ڈی سسٹم‘ کا اجرا کردیا

شائع September 18, 2023
صومالیہ کا ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ ایک جدید ترین بائیو میٹرک آئیڈینٹفکیشن سسٹم ہے —ایکس/پی ایم صومالیہ
صومالیہ کا ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ ایک جدید ترین بائیو میٹرک آئیڈینٹفکیشن سسٹم ہے —ایکس/پی ایم صومالیہ

وفاقی جمہوریہ صومالیہ نے نادرا کے تعاون سے ایک ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ کا آغاز کردیا ہے، اسے ’آئی ڈی 4 افریقہ‘ نامی تحریک کے لیے ایک سنگ میل سمجھا جارہا ہے، جس کا ہدف 2030 تک تمام افریقیوں کو ڈیجیٹل شناخت فراہم کرنا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم حمزہ عبدی بارے نے موغادیشو میں ’نیرا صومالیہ‘ کی جانب سے منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران صومالیہ کے قومی شناختی نظام کا افتتاح کیا۔

گزشتہ روز جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اجرا کی تقریب میں صومالیہ کے ترقیاتی شراکت داروں (پاکستان، یورپی یونین، ورلڈ بینک گروپ، برطانیہ، امریکا، خلیجی ممالک، آئی ڈی 4 افریقہ، سفارت کاروں اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں) نے شرکت کی۔

صومالیہ کے وزیر اعظم نے ملک کے ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ کے آغاز میں تعاون پر نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے ’نیرا صومالیہ‘ کے لیے استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں شریک دیگر معززین بشمول صومالیہ کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ کیٹریونا لینگ اور صومالیہ کے لیے برطانوی سفیر مائیک نیتھوریناکیس نے نادرا کے مضبوط نظام کی تعریف کی اور پاکستان اور صومالیہ کی حکومتوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔

صومالیہ کا ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ پاکستان کی جانب سے صومالیہ کو دی جانے والی ملٹی ملین ڈالر کی گرانٹ کا حصہ ہے، یہ نیرا اور صومالیہ کی وزارت داخلہ کو صومالیہ کے شہریوں کو شناخت کی ایک محفوظ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ شکل سے آراستہ کر کے ملک کی حکمرانی، سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے اپنے مینڈیٹ کو نافذ کرنے کا اہل بنائے گا۔

چیئرمین نادرا اسد رحمٰن گیلانی نے کہا کہ نادرا کو صومالیہ کے ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ کے کامیاب نفاذ اور اجرا پر بے حد فخر ہے، جو تعاون اور اختراع کی طاقت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک زیادہ محفوظ اور خوشحال صومالیہ کے لیے پاکستان کے وژن کو تقویت دیتی ہے، جہاں ہر شہری کو قابل اعتماد شناخت تک رسائی حاصل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل آئی ڈی سسٹم نہ صرف سیکیورٹی کو تقویت دے گا بلکہ جامع ترقی، معاشی خود انحصاری اور بہتر طرز حکمرانی کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

صومالیہ کا ’نیشنل آئیڈینٹفکیشن سسٹم‘ ایک جدید ترین بائیو میٹرک آئیڈینٹفکیشن سسٹم ہے جو صومالیہ کے عوام کو شناخت کی ایک محفوظ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ شکل فراہم کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024