• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’مائی ری‘ میں کم عمر بیوی کو حاملہ دکھانے پر لوگ برہم

شائع September 12, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

کم عمری کی شادی کے موضوع پر بنے ڈرامے ’مائی ری‘ میں کم عمر بیوی کو حاملہ دکھانے پر سوشل میڈیا صارفین برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

’مائی ری‘ میں عینا آصف نے کم عمر بیوی کا کردار ادا کیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا کردار ثمر عباس نے ادا کیا ہے اور دونوں کی حقیقی عمر بھی 15 سال تک ہے۔

ڈرامے کے ذریعے سماج میں کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی کی کوشش کی جا رہی ہے اور دکھایا جا رہا ہے کہ نابالغ بچوں کو شادیاں کس طرح ان کی زندگیاں تباہ کر دیتی ہیں۔

اگرچہ ڈرامے میں پہلے ہی عینا آصف اور ثمر عباس کی شادی کو دکھایا جا چکا ہے اور دونوں کو نوجوان جوڑے کی صورت میں رومانوی انداز میں بھی دکھایا جا چکا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

لیکن ڈرامے کی 11 ستمبر کو نشر ہونے والی چالیسویں قسط میں عینا آصف کے حاملہ ہونے کو دکھایا گیا، جس پر کئی صارفین نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے کی کہانی اور خود اداکارہ پر بھی تنقید کی۔

چالیسویں قسط میں دکھایا گیا ہے کہ کم عمر عینا آصف جیسے ہی شوہر کو کھانا دے کر دروازہ کھولنے کی طرف بڑھتی ہیں تو بے ہوش ہوکر گرجاتی ہیں، جس پر انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال لے جایا جاتا ہے۔

قسط میں دکھایا گیا ہے کہ ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر عینا آصف کے شوہر اور ان کی والدہ کو بتاتی ہیں کہ کم عمر بیوی حاملہ ہیں اور ساتھ ہی لیڈی ڈاکٹر عینا آصف کے اہل خانہ کو جھاڑ بھی پلاتی ہیں کہ اتنی کم عمری میں شادی کیوں کرائی گئی؟

تاہم قسط میں کم عمر بیوی کو حاملہ دکھانے پر متعدد صارفین نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آخر ڈرامے میں اتنی چھوٹی بچی کو حاملہ دکھانے کی کیا ضرورت تھی؟

اس طرح بعض افراد نے عینا آصف اور ان کے والدین پر بھی تنقید کی کہ انہوں نے کس طرح اپنی بیٹی کو ایسا کردار ادا کرنے کی اجازت دی؟

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے مائی ری کی ویڈیو کلپس کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آخری قسط میں یہ دکھایا جائے کہ کم عمری میں شادی کرنا اور بچے پیدا کرنا غلط فیصلہ تھا لیکن ڈرامے میں کم عمری کی شادی اور لڑکی کے حمل کو دکھانا غلط ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ بے شک کم عمر بیوی کو حاملہ دکھانے سے ’مائی ری‘ کی ریٹنگ اچھی آئی ہوگی لیکن ڈراما سازوں کا دماغ کام نہیں کر رہا، وہ ایسے مناظر دکھا رہے ہیں۔

کچھ صارفین نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ یہ ایسا سب کچھ پاکستانی ڈراموں میں دکھایا جا رہا ہے؟

بعض صارفین نے اس بات کی جانب بھی نشاندہی کی کہ کم عمری میں شادی کرنے والے جوڑے کو ایک دوسرے کے ساتھ انتہائی رومانوی انداز میں پیش آتے دکھایا گیا، جس سے دوسرے لوگ متاثر ہوسکتے ہیں اور ایسا ہی کام کرسکتے ہیں۔

کچھ افراد نے لکھا کہ ڈرامے کی چالیس اقساط میں دکھایا گیا کہ کم عمر شوہر کس قدر اپنی کم عمر بیوی کا خیال رکھتے ہیں اور کس قدر ان سے پیار کرتے ہیں، جس سے لوگ اس لڑکے کو اچھا سمجھنے لگے اور پھر آگے چل کرکم عمر دلہن کو حاملہ دکھایا جاتا ہے، جس کے بعد اب لوگوں کو احساس ہو رہا ہے کہ یہ سب کچھ غلط تھا؟

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024