امراض جلد سے بچوں اور بالغوں میں دیگر سنگین بیماریاں ہونے کا انکشاف
اگرچہ ماضی میں کی جانے والی تحقیقات سے بھی یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ امراض جلد سے امراض قلب اور جوڑوں کے درد سمیت دیگر چند سنگین بیماریاں ہو سکتی ہیں۔
لیکن اب تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ امراض جلد میں مبتلا بچوں اور افراد میں آنتوں، معدے اور دیگر نظام ہاضمہ کی بیماریوں کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
طبی جریدے ’جاما نیٹ ورک‘ میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے تحقیق کے لیے 4 لاکھ سے زائد بچوں جب کہ 6 لاکھ سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔
مذکورہ تمام افراد امراض جلد (جلد پر شدید سرخ خارش) میں مبتلا تھے اور ان افراد نے 1994 سے 2015 تک مختلف وقتوں میں علاج کروایا تھا۔
ماہرین نے مذکورہ تمام افراد کے میڈیکل ریکارڈ جنوری 2020 سے جون 2023 تک لیا اور پھر ان افراد میں ہونے والی بیماریوں کی درجہ بندی کی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جلد پر شدید سرخ خارش میں مبتلا بچوں اور بالغ افراد میں آنتوں، معدے اور نظام ہاضمہ سمیت اسی طرح کی دیگر متعدد بیماریاں بڑھ گئیں۔
نتائج کے مطابق امراض جلد میں مبتلا بچوں میں آنتوں اور معدے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریوں کے بڑھنے کے امکانات 44 فیصد زائد نوٹ کیے گئے جب کہ بالغ افراد میں یہ تعداد 34 فیصد تک تھی۔
ماہرین کے مطابق امراض جلد میں مبتلا افراد میں سانس پھولنے، پیٹ میں درد، مروڑ، قبض، آنتوں اور معدے کے مسائل سمیت اسی طرح کی دیگر بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
جلد کی شدید سرخ خارش میں مبتلا بالغ افراد میں السر، خونی بادی اور بواسیر کی شکایات بھی بڑھ جاتی ہیں جب کہ ان میں قبض سمیت پیٹ کے درد کا مسئلہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر امراض جلد میں انفلیمیشن (خارش اور سوزش) بڑھ جانے کی وجہ سے ہی نظام ہاضمہ اور پیٹ کی بیماریاں ہوتی ہیں اور اس سے قبل کی جانے والی تحقیقات سے بھی ایسا ہی معلوم ہوا تھا۔