سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس: عبدالرحمٰن بھولا، زبیر چریا کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد
سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزمان عبدالرحمٰن بھولا اور زبیر چریا کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدی فیکٹری کے مجرموں کو سزا دینے کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے عبدالرحمٰن بھولا اور زبیر چریا کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ملزمان کی پھانسی کی سزا برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے عمر قید کی سزا پانے والے چاروں ملزمان شاہ رخ، فضل، ارشد محمود، علی محمد کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر لیں۔
علاوہ ازیں عدالت نے رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی کے علاوہ عبدالستار، اقبال ادیب خانم اور عمر حسن کی بریت کے خلاف سرکار کی اپیل بھی مسترد کر دی۔
جس کو بری کیا اس کا جیل میں انتقال ہوچکا، رؤف صدیقی
فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 برس میں ہم نے 700 سے 800 پیشیاں بھگتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ میں 260 افراد جل کر شہید ہوئے، جس نے اس کیس کو ذرا بھی خراب کیا ہے، لاپرواہی برتی ہے، اس کا ٹھکانہ جہنم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بہت ساری باتیں کرنا چاہتا ہوں، سندھ اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر پر قائم ہوں۔
رؤف صدیقی نے کہا کہ جن کو آج بری کیا گیا ہے ان میں سے ایک کا انتقال جیل میں ہوگیا ہے، فضل نامی ملزم کا جیل میں انتقال ہوچکا ہے، عدالت نے آج اس کو بری کیا ہے۔
سانحہ بلدیہ فیکٹری
خیال رہے کہ 11 ستمبر 2012 کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قائم کپڑے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 259 افراد جھلس کر جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
سانحے کی تحقیقات کے لیے رینجرز اور پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران پر مشتمل 9 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی تھی۔
سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں فروری 2015 میں ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب رینجرز کی جانب سے سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں ایم کیو ایم کو اس واقعے میں ملوث قرار دیا گیا۔
جے آئی ٹی رپورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رؤف صدیقی، عبدالرحمٰن عرف بھولا اور زبیر عرف چریا سمیت 11 ملزمان کو فیکٹری میں آگ لگانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق مشتبہ ملزمان نے اس وقت کے ایم کیو ایم کراچی کی تنظیمی کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی کی ہدایات پر عمل کیا کیونکہ فیکٹری کے مالکان نے بھتے کی رقم کی ادائیگی سے انکار کردیا تھا۔
ابتدائی طور پر ثبوتوں کی عدم موجودگی پر پولیس نے زبیر چریا کو رہا کردیا تھا البتہ عبدالرحمٰن عرف بھولا کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے قلمبند کرائے گئے بیان میں انہوں نے زبیر کو بھی شریک جرم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے زبیر اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیکٹری کو آگ لگانے کا کام انجام دیا جس کے بعد پولیس نے زبیر کو دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
علاوہ ازیں اپریل 2020 میں کیس کی سماعت کے دوران ایک اہم ترین گواہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوا اور واقعے میں ملوث ایک ملزم زبیر عرف چریا کو شناخت کیا گیا تھا۔
اکتوبر 2020 میں ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق سیکٹر انچارج رحمٰن بھولا اور پارٹی کارکن زبیر عرف چریا نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے دی گئی سزائے موت کو چیلنج کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ میں الگ الگ اپیلیں دائر کی تھیں۔
انسداددہشت گردی عدالت نے 2020 میں 2 ملزمان (ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج عبدالرحمٰن بھولا اور زبیر چریا) کو سزا موت جبکہ 4 ملزمان (فیکٹری ملازم ملزم شاہ رخ، فضل، ارشد محمود اور علی محمد) کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
زبیر چریا، عبدالرحمٰن بھولا، علی محمد، فضل محمد، شاہ رخ اور ارشد محمود نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی تھیں جبکہ سرکار نے 4 ملزمان (رؤف صدیقی، عبدالستار، اقبال ادیب خانم اور عمر حسن) کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
رواں برس 29 اگست کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کے ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جوکہ آج سنا دیا گیا۔