• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شاہین آفریدی کی جسپریت بمراہ سے ملاقات، والد بننے پر مبارکباد، تحفہ بھی دیا

شائع September 11, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

قومی کھلاڑی اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ روز پاک بھارت میچ کے بعد بھارتی کھلاڑی جسپریت بمراہ سے ملاقات کی اور انہیں والد بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے تحفہ بھی پیش کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ شاہین آفریدی اور جسپریت بمراہ کی ملاقات کی ویڈیو شئیر کی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 23 سالہ شاہین آفریدی نے بھارتی فاسٹ باؤلر کو تحفہ دیا جن کے ہاں رواں ماہ بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

شاہین آفریدی نے جسپریت بمراہ سے مصافحہ کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ’مبارک ہو بھائی اللہ آپ کے بیٹے کو ہمیشہ خوش رکھے‘۔

شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی یہ ویڈیو شئیر کی جہاں انہوں نے محبت اور امن کا پیغام دیتے ہوئے بھارتی کھلاڑی کو مبارک باد دی۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر نے لکھا کہ ’بچے کی پیدائش پر آپ کو اور آپ کی فیملی کو مبارک ہو، پوری فیملی کے لیے دعائیں، ہم میدان میں ایک دوسرے کے خلاف لڑتے ہیں لیکن میدان سے باہر ہم سب کی طرح عام لوگ ہیں۔

اس خوشگوار لمحے کی ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شاہین آفریدی نے دونوں ممالک کے شائقین کے دل جیت لیے۔

دوسری جانب جسپریت بمراہ نے شاہین کو ٹیگ ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا ’ایک خوبصورت اقدام، میں اور میری فیملی اس محبت کے شکر گزار ہیں‘۔

واضح رہے کہ بیٹے کی پیدائش کی وجہ سے بھارتی فاسٹ باؤلر جسپرت بمراہ کو نیپال کے خلاف اپنے آخری میچ سے قبل اپنی ٹیم کو چھوڑنا پڑا تھا۔

جس کے بعد انہوں نے اپنی ٹیم کو دوبارہ جوائن کیا ہے اور روایتی حریف کا سامنا کرنے کے لیے ٹیم میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان اور بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ملاقات کررہے ہوں اس سے قبل کینڈی میں گروپ مرحلے کے میچ کے دوران ویرات کوہلی نے پاکستانی کھلاڑی سے ملاقات کی تھی۔

ویرات کوہلی کی شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی اور جسپرت بمراہ کی ملاقات گزشتہ روز ایشیا کپ میچ کےسپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ کے بعد ہوئی تھی جو بارش کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔

بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے 24.1 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، اس دوران بارش کی مداخلت کی وجہ سے میچ آج دوبارہ شروع ہو گا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024