• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’اللہ متاثرین پر رحم فرمائے‘، مراکش میں خوفناک زلزلے پر شوبز اور اسپورٹس شخصیات کی تعزیت

شائع September 10, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

مراکش میں گزشتہ شب آنے والے خوفناک زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور اب تک 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، اس المناک واقعے پر پاکستان کی شوبز شخصیات اور کرکٹ کھلاڑیوں نے متاثرہ لوگوں سے ہمدری کا اظہار کیا۔

8 اور 9 ستمبر کی درمیانی شب مراکش کے سیاحتی مرکز کے قریب پہاڑی اطلس کے علاقے ایگھل میں 7.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 72 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

شدید زلزلے کے بعد مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے تین دن قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کا بھی حکم دیا ہے۔

بہت سے لوگ دوسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں، خوفناک زلزلے کے سبب لوگوں کے گھر اور آبادیاں تباہ ہوچکی ہیں، قدیم اور تاریخی مقامات زمین بوس ہوچکے ہیں، ہر کوئی خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔

پاکستان کی شوبز اور اسپورٹس شخصیات نے مراکش زلزلے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’یا اللہ مراکش کے لوگوں پر رحم فرما، انتہائی افسوس ہوا، متاثرین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

اداکارہ صبا قمر نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’متاثرین کے لیے دعائیں، اللہ سب پر رحم فرمائے۔‘

اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ تباہ کن صورتحال ہے، اللہ ہم سب کی مدد کرے، میری دعائیں مراکش کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ اور سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مراکش میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، اللہ اس مشکل وقت میں ان لوگوں کی مدد فرمائے۔‘

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ ’مراکش میں زلزلے کے مناظر دیکھ کر بہت پریشان ہوگیا ہوں۔‘

کپتان نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ متاثرین پر رحم فرمائے۔‘

آل راؤنڈر شاداب خان نے لکھا کہ ’مراکش سے افسوسناک خبر آرہی ہے، میری دعائیں مراکش کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان لوگوں کے ساتھ تعزیت جو اس زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں، اللہ سب کے دکھ آسان کرے۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024