• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

افواہ پھیلائی گئی کہ شوٹنگ کے ایک دن کے 6 لاکھ روپے لیتی ہوں، ماہم عامر

شائع September 5, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ماہم عامر نے کہا ہے کہ ان سے متعلق افواہ پھیلائی گئی کہ وہ شوٹنگ کے دوران ایک دن کے لیے 6 لاکھ روپے فیس وصول کرتی ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔

ماہم عامر حال ہی میں ایاز سموں کے شو ’دی نائٹ شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی مادری زبان اگرچہ اردو ہے لیکن انہوں نے کیریئر کا آغاز سندھی زبان کے مارننگ شو سے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ’سندھ ٹی وی‘ پر ’سلام سندھ‘ نامی مارننگ شو کیا تھا اور انہوں نے محض 15 دن میں سندھی زبان سیکھی، لیکن کے اس باوجود انہیں بہت ساری باتیں سمجھ نہیں آتی تھیں۔

ماہم عامر کے مطابق بعد ازاں انہوں نے تھیٹر میں کام کرنا شروع کیا اور وہیں ان کی ملاقات فیضان شیخ سے بھی ہوئی۔

ان کے مطابق تھیٹر کرنے کے دوران انہیں ایک ہدایت کار نے دیکھا اور دیکھتے ہی انہیں ڈرامے میں کام کی پیش کش کی، ایسے ہی ان کا شوبز کیریئر شروع ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں ماہم عامر نے بتایا کہ فیضان شیخ سے ان کی اچھی دوستی ہوگئی تھی اور ان کی دوستی کو دیکھتے ہی ان کے اور فیضان کے خاندان والوں نے ان کے رشتے سے متعلق سوچنا شروع کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فیضان شیخ کی والدہ نے انہیں شوٹنگ سیٹ پر بیٹے سے شادی کی پیش کش کی، جس پر انہوں نے انہیں کہا کہ پہلے وہ بیٹے سے تو معلوم کریں، جس پر ان کی ساس نے کہا ان کی فکر چھوڑ دیں۔

ماہم عامر کا کہنا تھا کہ فیضان شیخ کی والدہ نے ان کی والدہ سے بھی شادی کی بات کی اور یوں ہی ان کی شادی ہوگئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد آج تک میاں اور بیوی کے درمیان کبھی شدید قسم کی لڑائی نہیں ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کا غصے والا چہرہ نہیں دیکھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد اب ہر چیز وہ بیٹی کے حساب سے کرتی ہیں، اسی لیے وہ ڈراموں میں کم دکھائی دیتی ہیں۔

بچپن کا ایک قصہ بیان کرتے ہوئے ماہم عامر نے بتایا کہ جب وہ دسویں کلاس کی طالبہ تھیں تب ایک لڑکے نے انہیں اتوار بازار میں چھیڑا تو انہوں نے لڑکے کی پٹائی کردی، جس پر ان کی والدہ نے انہیں روکا اور کہا کہ لڑکا مر جائے گا۔

ان کے مطابق چوں کہ ان کا قد لمبا تھا، اس لیے لڑکے کو انہوں نے گردن سے پکڑ کر ایسا مارا کہ وہ نڈھال ہوگیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل چھیڑ خانی کرنے پر انہوں نے متعدد بار لڑکوں کی پٹائی کی اور ساتھ ہی انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی بہادر بن کر بدتمیزی کرنے والوں کو تھپڑ رسید کردیا کریں۔

سوشل میڈیا پر خود سے متعلق پھیلنے والی افواہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ایک یوٹیوب ویڈیو میں ان سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ وہ شوٹنگ پر ایک دن کے 6 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بات بلکل جھوٹ ہے، وہ اتنے زیادہ پیسے نہیں لیتیں، البتہ اشتہار کی شوٹنگ ہو تو اتنی فیس لی جاسکتی ہے لیکن ڈرامے کی شوٹنگ پر وہ اتنے پیسے نہییں لیتیں۔

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ شوبز میں کوئی بھی اداکار ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک دن کے 6 لاکھ روپے نہیں لیتا ہوگا۔

خیال رہے کہ فیضان شیخ اور ماہم عامر نے اگست 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے، جوڑے کے ہاں دسمبر 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024