• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: نجی اسکول کا پرنسپل خواتین کے مبینہ ریپ، بلیک میلنگ پر گرفتار

شائع September 4, 2023 اپ ڈیٹ September 5, 2023
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پولیس نے نجی اسکول کے پرنسپل کو مبینہ طور پر خواتین کے ریپ اور بلیک میلنگ پر گرفتار کرلیا۔

اسٹیل ٹاؤن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نندلعل نے ڈان کو بتایا کہ اسکول کے پرنسپل کو ریپ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ نجی اسکول کے پرنسپل کی جانب سے ریپ اور بلیک میلنگ کرنے کے حوالے سے معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک ٹیکنیشن پرنسپل کے سی سی ٹی وی کی ریپئرنگ کر رہے تھے اور 20 سے 25 ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے خواتین کو روزگار فراہم کرنے کا لالچ دے کر ان کا ریپ کیا اور بلیک میل کرنے کے لیے ان کی ویڈیوز بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے ویڈیوز حاصل کرنے کے بعد اسکول کے پرنسپل سے ایک کروڑ روپے بھتہ بھی مانگا تھا تاہم انہوں نے بھتہ خور تک ویڈیوز کیسے پہنچی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ اسکول کے پرنسپل نے پولیس کو بتایا کہ مبینہ بھتہ خور کے خلاف کارروائی کے لیے اس نے ملیر پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرائی تھی۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پولیس نے دونوں کے درمیان کسی بھی معاہدے سے قبل مداخلت کی اور اسکول پرنسپل کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) پولیس اہلکار کی توسط سے ریاست کی مدعیت میں درج کی جائے گی اور اب تک مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بننے والی کسی بھی خاتون نے پولیس سے شکایت نہیں کی ہے۔

ملیر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) حسن سردار نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم سے 25 ویڈیوز حاصل کی گئی ہیں اور انہوں نے مبینہ طور پر 5 خواتین کا ریپ کیا، جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری سے رپورٹ طلب کی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اس واقعے پر ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

اسی طرح سندھ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس رفعت مختار راجا نے بھی معاملے پر نوٹس لیا اور ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی غیرجانب دار شفاف انکوائری یقینی بنائیں۔

اسکول سیل کردیا گیا

سندھ کے محکمہ تعلیم نے حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اسکول سیل کردیا جائے اور اس معاملے کی تفتیش کی جائے۔

ملیر کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے جاری ہدایات میں محکمہ تعلیم سندھ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل محمد افضل نے کہا کہ نگران صوبائی وزیرتعلیم رعنا حسین نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ اسکول متعلقہ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے اور یہ بغیر کسی قانونی حیثیت کے چل رہا تھا۔

ڈی سی ملیر کو دی گئی ہدایات میں کہا گیا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کریں اور اسکول کا احاطہ فوری طور پر سیل کر دیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024