• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

شاہ رخ خان بیٹی کے ہمراہ فلم کرنے کو تیار

شائع September 2, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ’بادشاہ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان یوں تو کئی نئے اداکاروں کو فلموں میں متعارف کرا چکے ہیں، تاہم اب رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی بیٹی سہانا خان کے ہمراہ بھی فلم میں دکھائی دیں گے۔

یہ بھی خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان کی بیٹی کے ہمراہ بنائی جانے والی فلم کو ممکنہ طور پر سہانا خان کی ڈیبیو فلم کے طور پر ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم ممکنہ طور پر ایسا ممکن نہیں ہو سکے گا کیوں کہ سہانا خان کی نیٹ فلیکس کی فلم ’دی آرچی‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے دسمبر 2023 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

لیکن بعض فلمی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سہانا خان کے ڈیبیو کے لیے ’دی آرچی‘ کی ریلیز موخر کرواکر ان کی پہلی فلم والد کے ہمراہ ریلیز کی جا سکتی ہے۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ شاہ رخ خان جلد ہی اپنی بیٹی سہانا خان کے ہمراہ فلم ساز سنجے گھوش کی فلم میں دکھائی دیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم سہانا خان کی ڈیبیو فلم ہوگی اور اس پر کام کا آغاز کردیا گیا۔

رپورٹ میں فلم سے جڑے انتہائی قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ فلم میں شاہ رخ خان یا سہانا خان کے کردار مختصر نہیں ہوں گے بلکہ دونوں کے کردار انتہائی اہم ہوں گے اور وہ ایک دوسرے سے جڑے ہوں گے۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سنجے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جاسوس کے کرداروں پر مبنی ہوگی اور سہانا خان بھی جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر شاہ رخ خان فلم میں اپنی بیٹی کے استاد کے طور پر دکھائی دیں گے یعنی وہ فلم میں بیٹی کو جاسوسی کے لیے ہدایات دیتے دکھائی دیں گے۔

رپورٹ میں مذکورہ فلم کے دیگر کرداروں یا کہانی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم بتایا گیا کہ فلم کی تیاری کے لیے کام کا آغاز کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم کے لیے شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی شریک پروڈیوسر بھی ہو گی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فلم میں سہانا خان کے ساتھ بطور ہیرو کون دکھائی دے گام یعنی فلم میں وہ کس سے رومانس کرتی دکھائی دیں گی اس کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ 2018 میں ہی بھارتی میڈیا نے رپورٹس دی تھیں کہ ممکنہ طور سہانا خان سنجے لیلا بھنسالی یا سنجے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے ڈیبیو کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024