• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

کراچی: ویگو سے بچوں سمیت 4 افراد کو کچلنے والا ڈرائیور گرفتار

شائع September 1, 2023 اپ ڈیٹ September 2, 2023
ایک تیز رفتار ویگو نے بچوں سمیت چند افراد کو کچل دیا تھا: فائل فوٹو: ڈان نیوز
ایک تیز رفتار ویگو نے بچوں سمیت چند افراد کو کچل دیا تھا: فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی پولیس نے گلشن اقبال کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو کچلنے والے ویگو ٹرک کو چلانے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جمعرات کو گلشن اقبال میں اتوار بازار کے قریب بظاہر لاپروائی سے چلنے والی ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص، اس کی دو کمسن بیٹیاں اور ایک بھتیجی زخمی ہو گئی تھی جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے بچوں سمیت چند افراد کو کچل دیا اور ایک رکشا بھی زد میں آ گیا، اس دوران ڈرائیور نے بھاگنے کی کوشش کی اور اسی کوشش میں ایک مرتبہ پھر گاڑی ان افراد کے اوپر چڑھاتے ہوئے انہیں روند ڈالا۔

ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے گلشن اقبال کے اسٹیشن ہاؤس افسر ارشد آفریدی نے بتایا کہ ان کی زیر سربراہی پولیس ٹیم اور تفتیشی انسپکٹر سلیم رند نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت معاویہ محمد فیروز کے نام سے ہوئی اور اس کی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کے سلسلے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 279 اور 337 کے تحت ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے تاہم انہوں نے مشتبہ شخص اور واقعے کے پس پردہ محرکات کا ذکر نہیں کیا۔

ضلع شرقی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(انوسٹی گیشن) طارق مستوئی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ گاڑی کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔

ایف آئی آر

زخمی ہونے والے سجاد حسین نے ایک روز قبل واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

اپنی شکایت میں انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 27 اگست کو وہ اور ان کے خاندان کے افراد خریداری کے لیے گلشن اقبال بلاک-7 میں اتوار بازار گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ واپس آئے اور اپنی کھڑی گاڑی کی طرف بڑھے تو نامعلوم سمت سے آنے والی ایک ڈبل کیبن گاڑی (ریوو) نے انہیں ٹکر مار دی اور ڈرائیور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

درخواست گزار نے بتایا کہ مجھے چوٹیں آئیں اور میں بے ہوش ہو گیا، مجھے ہسپتال میں ہوش آیا جہاں مجھے احساس ہوا کہ مجھے ٹانگوں کے ساتھ ساتھ سر میں اندرونی زخم آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میری ایک بیٹی 4 سالہ حورین کو سر، ٹانگ اور پاؤں پر چوٹیں آئیں، دوسری بیٹی 7 سالہ ہانیہ کی آنکھوں اور پسلیوں کے نیچے زخم آئے جبکہ میری 5سالہ بھتیجی حمنہ شہزاد کو گردن، ٹانگ، ہاتھ اور کندھے میں چوٹیں آئیں۔

درخواست گزار نے بتایا کہ وہ سب لیاقت نیشنل اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024