• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دوسری شادی کا قائل نہیں، عشق بہت سارے کیے جا سکتے ہیں، نیر اعجاز

شائع September 1, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکار نیر اعجاز نے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر دوسری شادی کے قائل نہیں، ان کی بیوی بہت خدمت گزار ہے، ان کی خدمت اور محبت ہی ہے جو انہیں اِدھر اُدھر نہیں ہونے دیتی، البتہ عشق بہت کیے جا سکتے ہیں۔

سینیئر اداکار نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ جوانی میں کیریئر کے آغاز میں انہیں ایک اور خاتون سے عشق بھی ہوا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی پیدائش پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوئی لیکن وہ کم عمری میں ہی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ منتقل ہوگئے تھے اور وہیں ہی انہوں نے ایم اے تک تعلیم حاصل کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں میٹرک کے وقت ہی اداکاری کرنے کا موقع ملا اور اس وقت تک انہیں اداکاری سے متعلق کچھ علم نہیں تھا۔

انہوں نے بتایاکہ کوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران ہدایت کار طارق معراج نے ان کی آواز سن کر انہیں کام کی پیش کش کی اور انہوں نے پہلا ہی ڈراما سینیئر اداکاروں کے ہمراہ کیا۔

نیر اعجاز کے مطابق انہیں شوبز میں کام کی پہلی کمائی 425 روپے ملی اور اس وقت یہ رقم بہت بڑی تھی۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے اداکاری میں نام کمانے سے قبل 9 سال تک وفاقی حکومت کے ایک محکمے میں سرکاری ملازمت بھی کی۔

نیر اعجاز کا کہنا تھا کہ وہ 11 بہن اور بھائیوں میں دسویں نمبر پر ہیں اور ان کا خاندان بہت غریب تھا، ان کے والد نے تنہا سب بچوں کی پرورش کی۔

ایک سوال کے جواب میں سینیئر اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں تین بیٹے ہوئے لیکن تمام بچے کچھ ہی دن میں فوت ہوگئے۔

نیر اعجاز کے مطابق متعدد طبی پیچیدگیوں اور مسائل کی وجہ سے ان کے تینوں بیٹے نہیں بچ سکے، ایک بیٹا ماں کے پیٹ میں ہی چل بسا تھا اور اب انہوں نے اپنی بھتیجی کو گود لے رکھا ہے۔

اولاد کے لیے دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ وہ دوسری شادی کے قائل نہیں، ان کا خیال ہے کہ ایک ہی شادی ہونی چاہئیے البتہ عشق بہت سارے ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بیوی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی والدہ نے کروائی تھی اور والدہ نے کہا تھا کہ انہیں ایسی دلہن ڈھونڈ کر دیں گی کہ انہیں کبھی کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔

نیر اعجاز کے مطابق بیوی ان کی بہت خدمت کرتی ہیں، انہیں بہت پیار دیتی ہیں اور ان کی محبت اور خدمت ہی انہیں کہیں دوسری جانب جانے نہیں دیتی اور اب ان کی بیوی کو بھی یقین ہوچکا ہے کہ وہ کبھی دوسری عورت کو گھر نہیں لائیں گے۔

سینیئر اداکار نے اپنے پہلے عشق سے متعلق بھی انکشاف کیا اور کہا کہ نوجوانی میں انہیں ایک لڑکی سے عشق ہوگیا تھا لیکن والد کی بیماری کی وجہ سے وہ مذکورہ لڑکی کو چھوڑ گئے تھے اور جب کچھ سال بعد واپس آئے تو لڑکی دو بچوں کی ماں بن چکی تھی اور ان کا عشق وہیں ختم ہو چکا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024