• KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm
  • KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm

متنازع ڈراما ’حادثہ‘ پر پابندی: اداکارہ امر خان پروڈیوسر کے دفاع میں سامنے آگئیں

شائع September 1, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے متنازع ڈراما سیریل ’حادثہ‘ پر پابندی کے بعد اداکارہ امر خان ڈرامے پروڈیوسر وجاہت رؤف کے دفاع میں سامنے آگئیں۔

ڈراما سیریل ’حادثہ‘ پر تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب صحافی فریحہ ادریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’حادثہ‘ کو دیکھ کر انہیں کچھ عرصہ قبل اذیت ناک واقعے سے گزرنے والی متاثرہ خاتون نے فون کیا اور بات کرتے ہوئے وہ خاتون رو پڑیں۔

جس کے بعد یہ ٹوئٹ اتنی زیادہ وائرل ہوئی کہ لوگوں نے ڈراما ’حادثہ‘ کی پروڈکشن ٹیم پر الزام لگایا کہ ڈرامے کی کہانی 2020 میں لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے واقعے پر مبنی ہے۔

مذکورہ ڈرامے کی 4، 5 اور 6 اقساط میں حدیقہ کیانی کے موٹروے پر اغوا، ریپ اور پھر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے مناظر دکھائے گئے تھے۔

ڈرامے میں موٹروے سے اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا کردار علی خان نے ادا کیا ہے۔

تاہم ڈرامے کے ہدایت کار اور ڈائریکٹر نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’حادثہ‘ کی کہانی موٹر وے گینگ ریپ پر مبنی نہیں ہے، ڈرامے کے تمام کردار فرضی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر صرف ریٹنگ چاہتے تو ہم ساس بہو اور دقیانوسی سوچ رکھنے والے شوہر سے متعلق کہانی کا انتخاب کرتے۔‘

دوسری جانب وجاہت رؤف کا دفاع کرتے ہوئے اداکارہ امر خان نے انسٹاگرام پر حمایت کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ ’اگرچہ میں نے (وجاہت اور شازیہ) کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، لیکن ہمیشہ سنا ہے کہ وہ ٹیلی ویژن کے نہ صرف معروف پروڈیوسر ہیں بلکہ ذمہ دار بھی ہیں، انہوں نے بہادری کے ساتھ متعدد بہترین اور غیر معمولی پروجیکٹس پر کام کیا ہے۔‘

امر خان نے دعویٰ کیا کہ گلوکارہ سے اداکارہ حدیقہ کیانی ’حالیہ برسوں میں خاتون ایدھی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ حدیقہ کیانی کے اخلاقی کردار اور انسانی ہمدردی کے کاموں سے وابستگی بے مثال ہے، مجھے اس ٹیم پر مکمل اعتماد ہے، اور مجھے نہیں لگتا کہ وہ کبھی کسی غلط یا غیر اخلاقی کام کے لیے کھڑے ہوں گے، انہیں تھوڑا وقت دیں، وقت کے ساتھ ساتھ آپ کے تمام سوالات کا جواب ان کے مواد میں نظر آئے گا۔

ڈراما سیریل ’حادثہ‘ وجاہت رؤف اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اداکارہ حدیقہ کیانی کے علاوہ علی خان، رومیسہ خان، علی دیان، ژالے سرحدی، سلیم معراج اور جگن کاظم سمیت دیگر کاسٹ میں شامل ہیں۔

مذکورہ ڈرامے کو جیو ٹی وی پر نشر کیا جا رہا تھا اور ابھی اس کی 8 اقساط ہی نشر ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024