• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کنگنا رناوت کو اپنی اداکاری اور تنازعات پر دھیان دینا چاہیے، نوشین شاہ

شائع September 1, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ اور ماڈل نوشین شاہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں صرف ایک بار بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت سے ملاقات کرکے کہنا چاہتی ہیں کہ انہیں اپنی اداکاری اور تنازعات پر دھیان دینا چاہیے۔

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی فلموں سے زیادہ پاکستان مخالف بیانات دینے کے لیے مشہور ہیں، کنگنا اکثر سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر اگلتی نظر آتی ہیں اور ان کی زیادہ تر ٹوئٹس پاکستان کے خلاف ہی ہوتی ہیں۔

ان کے ماضی میں دیے گئے متنازع بیانات پر متعدد پاکستانی اداکاروں نے انہیں کھری کھری سنائی اور اکثر اداکاروں نے ان کے خلاف ٹوئٹس بھی کیں۔

اب حال ہی میں اداکارہ نوشین شاہ نے سما ٹی وی کے پروگرام حد کردی میں شرکت کی۔

پروگرام کے شروع میں میزبان نے جب سوال کیا کہ کیا آپ کو بُرا لگتا ہے جب آپ کا موازنہ بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور سے کیا جاتا ہے جس پر نوشین شاہ نے جواب دیا کہ بُرا تو نہیں لگتا لیکن ہم دونوں کا موازنہ کرنا اچھی بات نہیں ہے، کیا میں خوبصورت نہیں ہوں؟

انہوں نے کہا کہ کرینہ کپور بھی بہت خوبصورت ہیں لیکن ہم دونوں کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنا ٹھیک نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہا کہ وہ بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت سے ملاقات کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

نوشین شاہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’کنگنا رناوت سے صرف ایک بار ملنا چاہتی ہوں، وہ جس طرح میرے ملک کے بارے میں فضول باتیں کہتی ہیں، اور پاک فوج کے خلاف تبصرے کرتی ہیں ان کی جرات کو سلام ہے۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’کنگنا رناوت کو کسی بات کا علم نہیں ہے، وہ دوسرے ملک کے بارے میں فضول تبصرے کر رہی ہوتی ہیں، کنگنا کو اپنے ملک اور اپنی اداکاری، اپنے سابقہ بوائے فرینڈ اور اپنے تنازعات پر دھیان دینا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ کنگنا کون ہوتی ہیں کہ وہ ہمارے ملک کے بارے میں بات کریں، انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے۔

نوشین شاہ نے کہا کہ کنگنا رناوت خوبصورت ترین عورت اور بہترین اداکارہ ہیں لیکن معافی چاہتی ہوں جب ملک کی عزت پر بات آجائے تو وہ اس معاملے میں بالکل اچھی نہیں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024