• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ نے خاموشی توڑ دی

شائع August 31, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شوٹنگ کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ 4 سے 5 مسلح افراد نے انہیں بے دردی سے سیڑھیوں سے گھسیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ 29 اگست کو فیشن شوٹنگ کے دوران معروف ماڈل روبینہ خان شاہ نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو سیٹ پر بلایا، جس کے بعد ان کے شوہر نے متعدد مسلح افراد کے ہمراہ میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق شوٹنگ سیٹ پر تشدد کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب روبینہ خان شاہ کے فون کو میک اپ آرٹسٹ نے اپنے پاس رکھنے سے انکار کیا۔

میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کرنے کی بات سامنے آنے کے بعد متعدد معروف اور سپر ماڈلز نے روبینہ خان شاہ پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم اب تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے بھی خاموشی توڑ دی ہے، انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر طویل پوسٹ کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کی تفصیلات واضح کردی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’کل میرے کام کی جگہ پر 5 مسلح افراد نے مجھ پر جسمانی حملہ کیا اور ہراساں کیا، کیونکہ میں نے شوٹنگ کے دوران ماڈل قیمتی زیورات اپنے پاس رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔

بریان ولیمز نے لکھا کہ ’یہ واقعہ اس وقت شروع ہوا جب ماڈل نے اپنا زیور میرے پاس رکھنے کو کہا اور میں نے ان کا قیمتی سامان اپنے پاس رکھنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ہمیں نبیلہ سیلون کی طرف سے دیگر ماڈلز کی ذاتی اشیاء رکھنے کی اجازت نہیں ہے‘۔

میک اپ آرٹسٹ نے ماڈل کا نام لیے بغیر کہا کہ ’میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ اسٹائلسٹ ٹیم سے پوچھ سکتی ہیں کہ آپ کا سامان رکھنے کی ذمہ داری کس کی ہے۔

’جس کے بعد ماڈل نے مجھ سے بدتمیزی کی، نامناسب الفاظ استعمال کیے اور دھمکیاں دینی شروع کردیں، ہمارے درمیان کچھ دیر کے لیے بحث ہوئی تھی جس کے بعد میں نے اپنا کام جاری رکھا کیونکہ یہ سب شوٹنگ کے دوران ہوا تھا۔ ’

میک آرٹسٹ نے مزید کہا کہ ’کچھ دیر بعد میں نے دیکھا کہ 4 سے 5 مسلح افراد سیڑھیوں پر چڑھ رہے ہیں اور مجھ پر حملہ کرتے ہیں، ان مسلح افراد نے مجھے دوسری منزل سے گراؤنڈ فلور تک گھسیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ’

ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیڑھیوں سے گھسیٹا گیا، مسلح افراد اور ماڈل کے شوہر نے مجھے بے رحمی سے مارا اور تشدد کا نشانہ بنایا یہاں تک کہ انہوں نے مجھ سے پہلے بات کرنے کی کوشش تک نہیں کی کہ آخر معاملہ کیا ہے۔

تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے آخر میں لکھا کہ ’یہی سچ ہے‘۔

واضح رہے کہ میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کئی سالوں سے نامور میک اپ آرٹسٹ نبیلہ کے سیلون میں کام کرتے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ مذکورہ واقعہ کون سے شہر میں پیش آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024