• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

پوڈکاسٹ میں خواتین سے متعلق نامناسب گفتگو: شمعون عباسی کا نادرعلی کو چیلنج

شائع August 30, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

پوڈکاسٹ کے دوران سابق ’مس ورلڈ‘ اور مقبول بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی رنگت کے حوالے سے عامیانہ گفتگو کرنے پر اداکار شمعون عباسی نے متنازع یوٹیوبر نادر علی کو چیلنج کردیا۔

24 اگست کو نادر علی کی جانب سے یوٹیوب پر پوڈکاسٹ اپلوڈ کیا گیا تھا جس میں ماضی کے مقبول پاکستانی ہیرو معمر رانا نے بھی شرکت کی تھی، اس پوڈکاسٹ کے دوران میزبان اور مہمان نے پریانکا چوپڑا کی رنگت کے حوالے سے عامیانہ گفتگو کی تھی۔

پوڈکاسٹ کے دوران نادر علی نے سوال پوچھا کہ کونسی اداکارہ میک اپ کے بغیر ’بھیانک‘ نظر آتی ہیں؟ جس پر معمر رانا نے جواب دیا کہ وہ پریانکا چوپڑا کو دیکھ کر دنگ رہ گئے اور انہیں دیکھ کر ان کا کرش (crush) ختم ہوگیا اور انہوں نے دل میں کہا سب ’بھاڑ‘ میں جائیں۔

اس دوران نادر علی نے معمر رانا کو کہا کہ آپ نے سوچا ہوگا کہ کالا نمک چاٹ لوں۔

پوڈکاسٹ کے دوران معمر رانا اور نادر علی کی جانب سے پریانکا چوپڑا کی رنگت پر بات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین ان پر برہم دکھائی دیے اور دونوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اداکار شمعون عباسی نے بھی اسی حوالے سے ردعمل دیا، انہوں نے سماجی پلیٹ فارم فیس بُک لکھا کہ انہیں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرنے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے جانے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت نہ کرنے کی ٹھوس وجہ ہے جہاں لوگوں کی عزت نہیں کی جاتی اور پوڈ کاسٹ کے نام پر نامناسب گفتگو کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔‘

شمعون عباسی نے لکھا کہ ’اگرچہ نادر علی پوڈ کاسٹ میں اپنے مہمان کو پیسے اور پک اینڈ ڈراپ آفر کرتے ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ مجھے اپنے شو میں بلانے کی ہمت نہیں کریں گے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’لیکن میں ایمانداری کے ساتھ نادر علی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مجھے اپنے شو میں بلائیں اور میں بغیر کسی معاوضے کے پوڈکاسٹ میں جانے کے لیے تیار ہوں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’میں نادر علی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے پوڈکاسٹ میں مجھے بلائے اور میرے کچھ سوالات کا جواب دیں، پوڈکاسٹ کے دوران میں ان سے لوگوں کی بے عزتی کرکے آن لائن پیسہ کمانے کے علاوہ ان کے خود کی صلاحیتوں کے بارے میں کچھ سوالات پوچھنا چاہتا ہوں۔‘

شمعون عباسی نے مزید کہا کہ معمر رانا کو چاہیے کہ وہ خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کرنے سے قبل ان کی عزت کرنا سیکھیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’جہاں تک معمر رانا کے بیان کا تعلق ہے تو میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ لوگوں کی چہرے (بالخصوص خواتین کے) کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر کرنے سے پہلے خواتین کی عزت اور احترام کرنا سیکھیں۔‘

شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نادر علی کا بائیکاٹ کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بھی یوٹیوبر کی جانب سے نامناسب سوالات اور تبصرہ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

نادر علی نے اس سے قبل علیزے شاہ کی جانب سے مبینہ طور پر سرجری کروانے پر بھی تبصرہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ’علیزے شاہ پہلے بہت پیاری تھیں اب بُری لگنے لگی ہے۔‘

یہی نہیں بلکہ نادر علی اپنے پوڈکاسٹ میں اداکارہ سنیتا مارشل سے بھی مذہب کی تبدیلی سے متعلق نامناسب سوالات کرچکے ہیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بعد ازاں انہوں نے اپنے عمل پر معافی بھی مانگی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024