• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سمجھایا گیا بیوی کو تمہاری کمزوریوں کا پتا نہیں چلنا چاہیے، عمیر رانا

شائع August 28, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکار عمیر رانا نے کہا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں مرد حضرات کی پرورش ایک خاص زاویے سے کی جاتی ہے اور انہیں سمجھایا جاتا ہے کہ انہیں کمزور نہیں پڑنا، اسی طرح انہیں بھی کہا گیا کہ تمہاری بیوی کو تمہاری کمزوریوں کا پتا نہیں چلنا چاہیے۔

سینیئر اداکار حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تھیٹر سے اداکاری کی شروعات کی اور گوہر رشید و شفیع فارس ان کے شاگرد ہیں لیکن انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں کئی سال قبل مشورہ دیا گیا کہ اگر وہ ہیرو بننا چاہتے ہیں تو اپنے بالوں کی رنگت تبدیل کریں لیکن انہوں نے کبھی بھی ایسا نہیں کیا۔

ان کے مطابق انہیں ہیرو نہیں بلکہ اداکار بننے کا جنون تھا اور انہوں نے کبھی بھی خود کو تبدیل کرکے اداکار بننا پسند نہیں کیا۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے عمیر رانا نے بتایا کہ کورونا کے وقت انہوں نے ایک انٹرویو میں مذاق میں کہا تھا کہ عامر خان نے ان کے بالوں کا انداز کاپی کیا اور لوگوں نے اس بات کر سچ سمجھ لیا۔

انہوں نے عامر خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلموں میں جہاں کمرشلائزیشن دیکھنے کو ملتی ہے، وہیں ان کی فلموں میں پیغام بھی ہوتا ہے، جس وجہ سے انہیں عامر خان بہت پسند ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ہر کسی کو ان جیسا ہونا چاہیے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک واقعہ سنایا جب وہ اور نعمان اعجاز کئی سال قبل ’سنگ مر مر‘ کی شوٹنگ کے لیے سوات میں تھے تب ایک بار شوٹنگ کے لیے جاتے وقت فوج کی چیک پوسٹ پر ڈرائیور نے سوال کرنے پر فوجی جوان کو بتایا کہ ہم لوگ شوٹنگ پر جا رہے ہیں۔

عمیر رانا کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کا لفظ سن کر فوجی غصے میں آگیا، جس پر ڈرائیور نے انہیں بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ پر جا رہے ہیں اور ان کے ساتھ نعمان اعجاز بھی ہیں۔

اداکار کے مطابق لیکن بدقستی سے وہ فوجی نعمان اعجاز کو نہیں جانتے تھے اور پوچھا کہ کون نعمان اعجاز؟

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ ڈراموں کی طرح حقیقی زندگی میں سخت والد نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ تمام والدین سخت نہیں ہوں گے لیکن چوں کہ پاکستان میں تمام مرد حضرات کی ایک خاص زاویے سے پرورش ہوتی ہے تو مرد حضرات کے حوالے سے تاثر ہوتا ہے کہ وہ سخت ہوتے ہیں۔

عمیر رانا کا کہنا تھا کہ مرد حضرات کو سکھایا جاتا ہے کہ انہوں نے کمزور نہیں پڑنا، انہیں ناکام نہیں ہونا، انہیں اپنی خامیاں تسلیم نہیں کرنی، جس وجہ سے وہ ایک خاص ڈائریکشن میں زندگی گزارتے ہیں، کماتے ہیں اور گھر والوں کو کھلاتے رہتے ہیں۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں بھی شادی کے وقت کہا گیا تھا کہ ان کی بیوی کو ان کی خامیوں اور کمزوریوں کا پتا نہیں چلنا چاہیے۔

انہوں نے پروگرام میں شریک نوجوان افراد کو کہا کہ جس طرح والدین ان سے محبت اور شفقت سے پیش آیا کرتے ہیں، اسی طرح وہ بھی اپنے والدین کے ساتھ شفقت کے ساتھ پیش آیا کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024