• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

پاکستان نے ’برکس‘ میں شمولیت کیلئے کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی، دفتر خارجہ

شائع August 26, 2023
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لے گا—فائل فوٹو: رائٹرز
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لے گا—فائل فوٹو: رائٹرز

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں پر مشتمل بلاک ’برکس‘ میں شمولیت کے لیے پاکستان نے تاحال کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے اس بیان سے محض ایک روز قبل برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل اس بلاک میں سعودی عرب، ایران، ایتھوپیا، مصر، ارجنٹائن اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لے گا اور گروپ کے ساتھ اپنے مستقبل کے تعلقات کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔

بلاک کی توسیع کے دوران پاکستان کو نظر انداز کیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوہانسبرگ میں اس پیش رفت سے پاکستان باخبر ہے۔ .

انہوں نے کہا کہ پاکستان تکثریت پسندی کا بھرپور حامی ہے اور مختلف کثیر الجہتی تنظیموں کے رکن کے طور پر اس نے عالمی امن اور ترقی کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی تعاون اور شمولیتی تکثریت پسندی کے فروغ کےجذبے کو پروان چڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سے امریکی سفیر اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات اور آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے دیے گئے ناشتے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا جس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ غیر ملکی سفارت کاروں کی پاکستانی سیاسی شخصیات سے کئی ملاقاتیں ہوتی ہیں، یہ ایک عام سفارتی عمل ہے کہ ہر ملک کے سفارت کار اُس ملک کے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے ہیں جہاں وہ تعینات ہوتے ہیں۔

امریکی سفیر اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وہ صرف اس بات کی تصدیق کر سکتی ہیں کہ ملاقات ہوئی تھی، ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو مشورہ دوں گی کہ ملاقات کی تفصیلات اور یہ جاننے کے لیے امریکی سفارت خانے یا الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں کہ یہ ملاقات پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے کیا کردار ادا کرے گی۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ پر انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے سائنسدانوں کو بھی سراہا اور اسے ایک عظیم سائنسی کامیابی قرار دیا۔

جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملے کے بعد اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے بیانات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے، پاکستان میں جب اس نوعیت کے واقعات ہوتے ہیں تو ریاست اور میڈیا متاثرین کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور تباہ شدہ املاک کی تعمیر نو اور متاثرین کو معاوضہ دیے جانے سمیت فوری تدارک کے اقدامات کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کسی دوسرے ایسے ملک کے برابر نہیں سمجھا جاسکتا جہاں اعلیٰ ترین سطح کے حکومتی عہدیدار خود اس طرح کے پُرتشدد واقعات میں ملوث ہوتے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ انصاف ہوگا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سرحد کے قریب سے 6 مبینہ بھارتی اسمگلروں کی گرفتاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ مجرم پاکستان میں منشیات، اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، مختصر عرصے میں 6 بھارتی اسمگلروں کی گرفتاری پاکستان کے لیے تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکیں، اِن تحفظات کے حوالے سے پاکستان بھارتی حکام سے رابطے میں ہے۔

سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی جانب سے حالیہ بلااشتعال فائرنگ سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل قبول واقعہ ہے، ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس طرح کی کارروائیوں سے باز رہے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ جنگ بندی کے سمجھوتے کو برقرار رکھا جائے، جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان کے تحفظات سے بھارتی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان نے ان شائقین کو ویزا دینے کے لیے بھارت سے رابطہ کیا ہے جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانا چاہتے ہیں؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطے میں ہے، مزید تفصیلات اُن ہی سے پوچھی جا سکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024