• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بہن کے فیشن شوٹ پر ساتھ گئی تو مجھے منتخب کرلیا گیا، آمنہ الیاس

شائع August 25, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نامور اداکارہ اور ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ جب وہ صرف 15 سال کی تھیں تو اپنی بہن کے فیش شوٹ پر ان کے ساتھ گئیں اور وہیں پر انہیں ماڈلنگ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

آمنہ الیاس نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مزاحیہ شو حد کردی میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے ابتدائی کریئر، اداکارہ میرا کے ساتھ تعلقات اور دلچسپ واقعات کا تذکرہ کیا۔

پروگرام کے شروع میں میزبان مومن ثاقب کے سوال پر ماڈل آمنہ الیاس نے بتایا کہ جب وہ 15 سال کی تھیں تو اپنی بہن عظمیٰ الیاس کے ساتھ ایک فیشن شوٹ میں ان کے ساتھ گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی بہن کے ساتھ فیشن شوٹ میں گئی تھی، رنگت میں سانولی اور جسامت میں بہت پتلی تھی، فراک پہنا ہوا تھا، بہن کی شوٹنگ کے دوران میں سیٹ پر تھی اور بہت شرمیلی تھی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’سیٹ پر موجود نامور فوٹوگرافر اور میک اپ آرٹسٹ عاکف الیاس نے مجھے دیکھا اور انہوں نے میری کچھ تصاویر بنائیں جو بہت خوبصورت آئی تھیں۔‘

آمنہ الیاس نے بتایا کہ انہوں نے وہ تصاویر اپنی والدہ کے ساتھ شیئر کیں اور انہی کی رضامندی سے بطور ماڈلنگ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور ماڈل انہوں کا پہلا شوٹ نامور میگزین ’شی‘ کے لیے تھا۔

نامور ماڈل نے فلم اسٹار میرا کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بتایا کہ میرا جی کے ساتھ ان کا بہت اچھا تعلق ہے، ان کی جہاں میرا جی سے دوستی ہے وہیں بہت زیادہ لڑائیاں بھی ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی میرا جی سے سیٹ پر بہت لڑائیاں ہوئی ہیں، مثال کے طور پر کبھی اسکرپٹ اور کبھی کپڑوں پر بحث ہوجاتی تھی لیکن آخر میں وہ صلح کرلیتی تھیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج کل اداکاروں کو ان کی خوبصورتی کے بجائے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے کردار دیے جارہے ہیں، جو اچھی بات ہے۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ ’ہر انسان خوبصورت ہے، اداکار جو کردار اچھی طرح نبھا رہا ہے انہیں اسی کے لیے کاسٹ کرلینا چاہیے‘۔

واضح رہے کہ آمنہ الیاس نے ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے کم عمری میں ہی ریمپ پر واک کرکے خود کو منوایا۔

ماڈلنگ کی دنیا میں نام بنانے کے بعد آمنہ الیاس ٹی وی کمرشلز میں دکھائی دیں، جس کے بعد حیران کن طور پر انہوں نے چھوٹی اسکرین سے قبل بڑی اسکرین پر اداکاری کی اور ان کی پہلی فلم ’زندہ بھاگ‘ 2013 میں ریلیز ہوئی۔

پہلی فلم ریلیز ہوتے ہی آمنہ الیاس کے لیے نئی دنیا کے دروازے کھلے اور وہ فلموں کے بعد ڈراموں میں بھی دکھائی دینے لگیں اور بعد ازاں انہوں نے تھیٹرز میں بھی کام کیا اور لوگوں کو اپنی اداکاری سے گرویدہ بنایا۔

اگرچہ مداح آمنہ الیاس کو اچھی اداکارہ مانتے ہیں، تاہم وہ خود اعتراف کرتی ہیں کہ اب تک وہ کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے نروس ہو جاتی ہیں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ اداکارہ بنیں گی۔

آمنہ الیاس آخری بار بڑی اسکرین پر 2019 کی مقبول فلم ’باجی‘ میں دکھائی دی تھیں جب کہ وہ چھوٹی اسکرین پر 2017 میں دکھائی دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024