• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کراچی: لیاری میں پولیس کا چھاپہ، مبینہ بھارتی جاسوس، مقامی سہولت کار گرفتار

شائع August 24, 2023
ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ اکھل دیو ایک بھارتی جاسوس ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ اکھل دیو ایک بھارتی جاسوس ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے علاقے لیاری سے پولیس نے ایک مبینہ بھارتی جاسوس اور اس کے مقامی سہولت کار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ پولیس اور خفیہ ایجنسی نے مشترکہ طور پر کلاکوٹ کے علاقے میں چھاپہ مار کر اکھل دیو اور ظہور احمد کو گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس سے 2 بھارتی پاسپورٹ، ایک پستول، غیر ملکی کرنسی، 6 موبائل فون، ایک ٹیبلٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ اکھل دیو ایک بھارتی جاسوس ہے جس نے ملک میں مختلف اہم اور حساس تنصیبات کا جائزہ لیا، تاہم ایس ایس پی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

بحریہ ٹاؤن کراچی میں 2 افراد پر فائرنگ

دریں اثنا پولیس کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی میں گزشتہ روز 2 افراد کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔

گڈاپ ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ 2 افراد (24 سالہ تنویر امیر اور 30 سالہ گل شاد) کو گولیاں لگیں اور انہیں علاج کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، رات گئے تک واقعے کے محرکات معلوم نہ ہوسکے۔

دریں اثنا قومی شاہراہ پر جوگی موڑ کے قریب ڈاکوؤں نے 30 سالہ شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا، جس کی شناخت محمد ندیم کے نام سے کی گئی۔

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے مطابق زخمی شخص کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024