• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

پریانکا چوپڑا کی رنگت پر جملے بازی: معمر رانا اور نادر علی پر تنقید

شائع August 23, 2023 اپ ڈیٹ August 24, 2023
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

ماضی کے مقبول پاکستانی ہیرو معمر رانا اور متنازع یوٹیوبر نادر علی کی جانب سے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں سابق ’مس ورلڈ‘ اور مقبول بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی رنگت کے حوالے سے عامیانہ گفتگو کرنے پر دونوں کو تنقید کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا صارفین ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

معمر رانا نے نادر علی کے پوڈکاسٹ میں فلمی کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ ماضی میں ان کا بھارت کا دورہ کیسا رہا اور انہوں نے وہاں کن کن شوبز شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے ان سے پوچھا کہ وہ کسی ایسی اداکارہ کا نام بتائیں جنہیں انہوں نے میک اپ کے بغیر دیکھا ہو اور وہ حیران رہ گئے ہوں۔

اس پر معمر رانا نے بتایا کہ جب وہ بھارت گئے تو وہاں وہ سلمان خان کے ساتھ بیٹھے تھے کہ ایک خاتون آئیں، جنہیں انہوں نے نہیں پہچانا۔

ان کے مطابق انہوں نے مذکورہ خاتون کو نہیں پہچانا تھا اور جب وہ گئیں تو انہوں نے سلمان خان سے پوچھا کہ وہ کون تھیں؟

معمر رانا کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے انہیں بتایا کہ وہ پریانکا چوپڑا تھیں، جس پر وہ دنگ رہ گئے اور انہیں دیکھ کر ان کا کرش (crush) ختم ہوگیا اور انہوں نے دل میں کہا سب ’بھاڑ‘ میں جائیں۔

اس دوران نادر علی نے معمر رانا کو کہا، آپ نے سوچا ہوگا کہ کالا نمک چاٹ لوں۔

ساتھ ہی مذکورہ کلپ میں معمر رانا نے بولی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل کی خوبصورتی کی بات کی اور کہا کہ وہ چہرے سے خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران معمر رانا اور نادر علی کی جانب سے پریانکا چوپڑا کی رنگت پر بات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین ان پر برہم دکھائی دیے اور دونوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔

ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین نے پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مینشن کیا اور کہا کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی نامناسب گفتگو پر دونوں افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

زیادہ تر لوگوں نے معمر رانا اور نادر علی کو پہلے اپنی شخصیت اور رنگت دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس کے بعد دوسروں کی رنگت پر بات کریں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا صارفین نے پریانکا چوپڑا کے ذکر کے وقت ’کالا نمک‘ کی اصطلاح استعمال کرنے پر نادر علی کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں اپنا پوڈکاسٹ بند کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

بعض صارفین نے پریانکا چوپڑا کو دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر رنگت ہی اصل خوبصورتی ہوتی تو وہ وہ ’مس ورلڈ‘ نہ بنتیں۔

کچھ صارفین نے پریانکا چوپڑا سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں بہادر، خوبصورت، بولڈ اور اچھی اداکارہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اصل میں انہوں نے معمر رانا کو نہیں پہچانا ہوگا۔

بعض لوگوں نے دونوں کو شرم دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کمنٹ کیے کہ انہیں روایتی مردانگی کو چھوڑ کر خواتین کی رنگت کے بجائے ان کی شخصیت پر بات کرنی چاہئیے۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024