• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

شعیب ملک نے شادی کے معاملات چلانے کی بڑی کوشش کی، فردوس عاشق اعوان

شائع August 21, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

مقبول سیاست دان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرکٹر شعیب ملک نے شادی شدہ زندگی کو چلانے کی بڑی کوششیں کیں اور انہوں نے اہلیہ کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے تیسری جگہ کا انتخاب بھی کیا۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کی خبریں نہ صرف پاکستانی اور بھارتی میڈیا بلکہ عالمی میڈیا کی بھی زینت بنیں۔

جوڑے کے ہاں شادی کے شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان دسمبر 2022 سے علیحدگی اور طلاق کی خبریں ہیں اور دونوں وقتاً فوقتاً مذکورہ معاملے پر مبہم انداز میں بات کر چکے ہیں لیکن انہوں نے واضح طور پر خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

طویل عرصے سے ثانیہ مرزا بھارت جب کہ شعیب ملک پاکستان میں مقیم ہیں اور ان کا بیٹا والدہ کے ہمراہ ہے۔

رواں ماہ ایک بار پھر دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب شعیب ملک نے اپنے انسٹاگرام کے بائیو سے ثانیہ مرزا کا نام حذف کیا۔

اور اب فردوس عاشق اعوان نے بھی مبہم انداز میں ان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعیب ملک نے بھارت اور پاکستان میں رہائش اختیار کرنے کے بجائے تیسرے ملک کا انتخاب کرکے شادی چلانے کی بڑی کوشش کی۔

فردوس عاشق اعوان حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے سیاست سمیت شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی پر بھی کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ شعیب ملک اسٹریٹ بوائے ہوتے تھے، ان کے پاس پہننے کے لیے اسپورٹس کٹ تک نہیں ہوتی تھی۔

ان کے مطابق شعیب ملک کو ان کے ایک رشتہ دار نے کرکٹ اسٹار بنایا، انہوں نے انہیں اپنے کلب میں لیا اور پھر وہ چھا گئے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرکٹر بننے کے بعد شعیب ملک شادی کر رہے تھے تب انہوں نے ان کے مذکورہ رشتہ دار اور انہیں شادی کی بارات میں ساتھ بھارت چلنے کا کہا۔

ان کے مطابق وہ اس وقت رکن قومی اسمبلی تھیں اور رشتہ دار نے انہیں کہہ رکھا تھا کہ وہ شعیب ملک کو شادی کے موقع پر سونے کا تاج پہنائیں گی۔

فردوس عاشق کے مطابق جب وہ بھارتی شہر حیدرآباد پہنچے اور انہوں نے ثانیہ مرزا کے رشتے داروں کو دیکھا تو انہوں نے پہلے ہی دن شعیب ملک کو خبردار کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے ہی دن شعیب ملک کو کان میں کہا کہ بیٹا تم بری طرح پھنس چکے ہو۔

سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہاں کے حالات اور معاملات دیکھ کر ہی وہ سمجھ گئی تھیں کہ دونوں طرف محبت کا بھوت ہے، جب تک محبت ہوگی تب تک معاملہ چلے گا۔

ان کے مطابق انہوں نے وہی رشتے دار کی جانب سے دیا گیا سونے کا تاج شعیب ملک کو پہنایا تھا۔

ساتھ ہی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شعیب ملک نے شادی کو چلانے کے لیے بڑی کوشش کی اور انہوں نے بھارت یا پاکستان میں رہنے کے بجائے تیسرے ملک کا انتخاب کیا، لیکن وہ پہلے ہی سمجھ گئی تھیں کہ یہ تب تک چلے گی جب تک ان کی محبت چلے گی۔

سابق رکن قومی اسمبلی نے واضح نہیں کیا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان اختلافات ہیں یا نہیں، تاہم انہوں نے مبہم انداز میں کہا کہ کرکٹر نے ایڈجسٹمنٹ کی بڑی کوشش کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024