شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں بم دھماکا، 13 مزدور جاں بحق، 2 زخمی
شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سڑک کے کنارے نصب شدہ بم پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں 13 مزدور جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر جنوبی وزیرستان نیک محمد کے مطابق پاک-افغان سرحد کے قریب واقع شوال میں سڑک کے کنارے نصب شدہ بم پھٹنے سے 13 مزدور جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے جبکہ مزدوروں کی وین بم دھماکے سے مکمل تباہ ہوچکی ہے۔
مقامی رہنما یار گل کے مطابق دہشت گردوں نے سڑک کے کنارے بم نصب کیاتھا تاکہ سکیورٹی فورسز کی قافلے کو نشانہ بنایا جاسکے جوکہ شوال کے علاقے گل میر کوٹ کے قریب سے گزر رہا تھا۔
مقامی عمائدین کے مطابق کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا قافلہ گزرتے ہی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، مزدوروں میں سے 11کا تعلق جنوبی وزیرستان اپر محسود قبیلے کے سپین کمر کے علاقے سے ہے جبکہ 2 کا تعلق جنوبی وزیرستان لوئر احمد زئی وزیر سے بتایا جا رہا ہےـ
زخمیوں اور متعدد لاشوں کو مقامی ہستپال پہنچا دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبعی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دھماکا گزشتہ روز شام کے قریب ہوا تھا، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر علاقے میں تمام موبائل سروس معطل کردیے گئے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ انسپکٹر ابرار نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب ایک درجن سے زائد مزدور شمالی وزیرستان کے علاقے شوال سے ایک گاڑی میں جنوبی وزیرستان جا رہے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مزدوروں کو لے جانے والی ایک نجی گاڑی گل میر کور کے علاقے میں بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق گاڑی میں کُل 16 مزدور سوار تھے جو جنوبی وزیرستان جا رہے تھے کہ اس دوران گاڑی کے قریب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ 18 جون 2022 سے 18 جون 2023 کے درمیان صوبے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے 15 خودکش بم دھماکوں سمیت 665 حملے کیے گئے۔
’تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز‘ کی جانب سے جولائی میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران دہشت گردی اور خودکش حملوں میں مسلسل اور تشویشناک اضافہ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں 389 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
16 اگست کو شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں ہلاک ہو گئے تھے۔
15 اگست کو پشاور سے 50 کلومیٹر جنوب میں ضلع کوہاٹ سے متصل علاقے میں واقع مٹانی پولیس اسٹیشن کی حدود میں رات گئے مسلح عسکریت پسندوں کے حملے کی 3 کوششوں کو پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا تھا۔
اسی طرح 13 اگست کو صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا، تاہم فورسز نے فوری مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔