• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایشیا کپ کے لیے 19رکنی کمنٹری پینل کا اعلان

شائع August 20, 2023
ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: کریٹیو کامنز
ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: کریٹیو کامنز

پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے 19 رکنی کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ کئی بین الاقوامی کمنٹیٹرز بھی شامل ہیں۔

ایشیا کپ کا آغاز رواں ماہ 30 اگست کو ملتان میں ہو گا اور پاکستان ایونٹ کے اکثر میچز کی میزبانی سری لنکا میں کرے گا۔

ایونٹ کے آغاز سے تقریباً دو ہفتے قبل ہی کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے کئی نامور کرکٹرز شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے لیے کمنٹیٹرز کے پینل کا آغاز براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر کیا۔

اس پینل میں پاکستان سے وسیم اکرم، بازید خان، وقار یونس اور عامر سہیل شامل ہیں۔

پینل میں سب سے زیادہ 11 کمنٹیٹرز کا تعلق بھارت ہے جن میں سنجے منجریکر، روی شاستری، ہربھجن سنگھ، گوتم گمبھیر، عرفان پٹھان، پیوش چاؤلہ، سنجے بانگر، دیپ داس گپتا، محمد کیف، آدتیا تارے اور رجت بھاٹیا شامل ہیں۔

ان دونوں ملکوں کے علاوہ سری لنکا سے مرن اتاپتو، زمبابوے سے اینڈی فلاور، آسٹریلیا سے میتھیو ہیڈن اور انگلینڈ کے ڈومینک کورک بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہیں۔

تاہم اس وسیع و عریض کمنٹری پینل کے اعلان کے باوجود کئی معروف کمنٹیٹرز کو پینل کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

پاکستان کے رمیز راجا کا نام اس سلسلے میں سب سے قابل ذکر ہے جنہیں ہر خاص و عام میں مقبولیت کے باوجود بھی اس پینل کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

اسی طرح سابق بھارتی کرکٹرز و کمنٹیٹرز سنیل گاوسکر، کپیل دیو اور آکاش چوپڑا کے نام بھی پینل میں شامل نہیں جس پر کئی شائقین نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

اسی کے علاوہ سری لنکا کے رسل آرنلڈ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے اطہر علی کا نام بھی ایشیا کپ کے کمنٹری میں شامل نہیں ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹ کے 4 میچوں کی میزبانی پاکستان کرے گا جن میں ایک میچ سپر فور مرحلے کا بھی شامل ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائےگا۔

پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ 3 میچ لاہور اور ایک میچ ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا دیگر 9 میچوں کی میزبانی کرے گا، کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچ کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اس صورت میں پاکستان اور بھارت 10 ستمبر کو کولمبو میں دوبارہ مدمقابل ہوں گے۔

شیڈول

ایشیا کپ کے لیے 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

  • 30 اگست: پاکستان بمقابلہ نیپال، ملتان
  • 31 اگست: بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا، پالیکلے، کینڈی
  • 2 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، کینڈی
  • 3 ستمبر: بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان، لاہور
  • 4 ستمبر: بھارت بمقابلہ نیپال، پالیکلے، کینڈی
  • 5 ستمبر: افغانستان بمقابلہ سری لنکا، لاہور

سپر فور مرحلہ

  • 6ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم، لاہور
  • 9 ستمبر: گروپ بی کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم، کولمبو
  • 10 ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ اے کی دوسرے نمبرکی ٹیم، کولمبو
  • 12 ستمبر: گروپ اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی سرفہرست ٹیم، کولمبو
  • 14 ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی سرفہرست ٹیم، کولمبو
  • 15 ستمبر: گروپ اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم،
  • کولمبو
  • 17 ستمبر: سپر فور مرحلہ کی سرفہرست ٹیم اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے درمیان کولمبو میں فائنل ہوگا۔
  • 18 ستمبر: فائنل کے لیے ریزرو دن

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024