• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شاہین آفریدی کے بعد مزید پاکستانی کرکٹرز کی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں شرکت کا امکان

شائع August 19, 2023 اپ ڈیٹ August 20, 2023
لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

رواں ہفتے کے اوائل میں پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے انٹرنیشنل لیگ ٹی20 سے معاہدے کے بعد لیگ کی جانب سے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید پاکستانی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی متوقع ہے جن کے ساتھ معاہدے ہوئے ہیں۔

ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ لیگ میں جن مزید کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا گیا ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

سبحان احمد نے کہا کہ ہم لیگ سے معاہدہ کرنے والوں کی فہرست کی رونمائی کریں گے، پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں جلوہ گر ہوں گے، ہم دوسرے سیزن میں شاہین شاہ آفریدی سے معاہدے پر خوش ہیں کیونکہ وہ اس وقت چند بڑے سپر اسٹارز میں سے ایک ہیں۔

یاد رہے کہ لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر نہیں آئے تھے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے اس لیگ میں شرکت سے روک دیا تھا۔

تاہم پی سی بی نے موجودہ چیئرمین ذکا اشرف کی قیادت میں کھلاڑیوں کو مختلف ٹی 20 لیگز میں شرکت کی اجازت دینے کے حوالے سے اپنے مؤقف میں نرمی کی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی جانب سے رمیز راجا کی زیر قیادت سابق انتظامیہ کے تحت عائد پابندیوں پر گزشتہ سال ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ انٹرنیشنل لیگ کی مینجمنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر بورڈز سے شیڈول کے تنازع سے کیسے نمٹے گی تو انہوں نے جواب دیا کہ مینجمنٹ متعلقہ بورڈز سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ تاریخوں کے ٹکراؤ سے بچا جا سکے۔

سبحان احمد نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں دستیابی کے حوالے سے پی سی بی سے بات ہوئی ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی اس لیگ کو مزید مقبول بنا دے گی۔

انہوں نے لیگ میں دنیا بھر کے ٹی20 اسٹارز کی شرکت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہین کے علاوہ دنیا بھر کے بہترین ٹی20 کھلاڑیوں کی موجودگی اس ٹورنامنٹ کے تین وینیوز کے شائقین کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر لیگ سے لطف اندوز ہونے والے ناظرین کے لیے یادگار تجربہ ثابت ہو گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ لیگ میں زیادہ سے زیادہ شائقین کو اسٹیڈیم تک لانے کے لیے کس طرح کے منصوبے بنائے گئے ہیں تو سبحان احمد نے کہا کہ افتتاحی ایڈیشن میں گلف جائنٹس اور ڈیزرٹ وائپرز کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال ہم مزید ترقی کریں گے، ڈی پی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 ایک بہترین برانڈ ہے اور ٹیمیں متحدہ عرب امارات کے شائقین سے جڑ چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024