• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شادی کے 14 ماہ بعد ہی برٹنی اسپیئرز کی شوہر سے علیحدگی

شائع August 17, 2023
صام اصغری ایرانی نژاد ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
صام اصغری ایرانی نژاد ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

خبریں ہیں کہ گزشتہ برس جون میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز اور ان کے ایرانی نژاد امریکی شوہر صام اصغری کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

دونوں نے جون 2022 میں طویل تعلقات کے بعد شادی کی تھی اور اداکارہ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

دونوں نے ستمبر 2021 میں منگنی کی تھی اور ان کے ہاں شادی سے قبل ہی بچے کی پیدائش متوقع تھی لیکن بعض پیچیدگیوں کے باعث اداکارہ کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔

اب شادی کے محض 14 ماہ بعد ہی خبریں سامنے آئی ہیں کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی اور اداکارہ کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

امریکی ’پیپلز میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ برٹنی اسپیئرز کے شوہر صام اصغری نے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رابطہ کرنے پر برٹنی اسپیئرز اور صام اصغری کے نمائندوں نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا لیکن معاملے سے باخبر ایک ذریعے نے تصدیق کی کہ جوڑے کے درمیان علیحدگی ہوچکی۔

شوبز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ نے جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبر سب سے پہلے دی اور اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صام اصغری نے عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی۔

رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جوڑے کے درمیان جولائی 2023 میں علیحدگی ہوگئی تھی اور اب شوہر طلاق کے خواہاں ہیں۔

اسی حوالے سے ’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں متعدد ویب سائٹس اور نشریاتی اداروں کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صام اصغری نے برٹنی اسپیئرز سے طلاق لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان چند ہفتے قبل ہی علیحدگی ہوچکی تھی اور اختلافات حد سے زیادہ بڑھ جانے پر صام اصغری نے طلاق کے لیے درخواست دے دی۔

شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ کے مطابق دونوں کے درمیان دھوکے کے معاملے پر اختلافات بڑھے، جس وجہ سے ان میں علیحدگی ہوئی اور اب بات طلاق تک جا پہنچی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق ممکنہ طور پر شوہر کو بیوی کی بے وفائی پر شک ہے اور انہوں نے دھوکے کے پیش نظر اہلیہ سے طلاق لینے کی درخواست دائر کردی۔

خیال رہے کہ یہ صام اصغر کی پہلی شادی تھی اور وہ گلوکارہ سے 12 سال چھوٹے تھے جب کہ برٹنی اسپیئرز کی تیسری شادی تھی۔

برٹنی اسپیئرز نے پہلی شادی 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر یں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

برٹنی اسپیئرز والد سمیت دیگر افراد کی ’سرپرستی‘ میں تقریبا 14 سال رہیں اور گزشتہ برس 12 نومبر کو امریکی عدالت نے ان کی ’سرپرستی‘ ختم کی تھی۔

سرپرستی ختم ہونے سے قبل ہی ستمبر 2021 میں برٹنی اسپیئرز نے صام اصغری سے منگنی کی تھی اور بعد ازاں جون 2022 میں دونوں نے شادی کرلی اور اب ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024