• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سی ٹی ڈی کی پنجاب بھر میں کارراوائیاں، کالعدم تنظیموں کے 21 مبینہ دہشت گرد گرفتار

شائع August 12, 2023
صوبے میں 135 کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران 135 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی— فائل فوٹو: آن لائن
صوبے میں 135 کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران 135 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی— فائل فوٹو: آن لائن

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) نے صوبے کے متعدد شہروں میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس نے صوبے میں 135 کارروائیاں کیں جس کے دوران 135 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 21 مبینہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان، سپاہ صحابہ پاکستان، داعش اور لشکر جھنگوی سمیت دیگر کالعدم عسکریت پسند گروپوں سے ہے۔

بیان کے مطابق گرفتار مشتبہ عسکریت پسندوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرکے فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف 18 فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی گئی ہیں اور انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے لاہور، نارووال، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، جہلم، مظفر گڑھ، گوجرانوالہ، سرگودھا، لیہ، بہاولپور، اٹک اور ساہیوال میں خفیہ کارروائیاں کی گئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے 5ہزار118 گرام دھماکا خیز مواد، دو دستی بم، اتنے ہی دیسی ساختہ بم، 30 ڈیٹونیٹر، 77.3 فٹ لمبی سیفٹی فیوز تاریں، 6.3 فٹ پرائما کورڈز، 30 بور کی ایک پستول، ایک 9 ایم ایم پستول، 133 گولیاں، کالعدم عسکریت پسند گروپوں کے لٹریچر پر مشتمل کتابیں، تین میگزین، 82 پمفلٹ، 27 جھنڈے، ایک رسید بک اور ایک لاکھ 13ہزار 740روپے نقد برآمد ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے 700 کومبنگ آپریشنز کیے جس کے دوران 29ہزار 829 افراد کو چیک کیا گیا، 49 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، 32 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 21 افراد کو بازیاب کرایا گیا۔

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے جولائی میں صوبے کے مختلف حصوں میں خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ 17 عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں 132 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیے گئے جس میں محرم کے دوران عبادت گاہوں اور چینی شہریوں پر ممکنہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والی کالعدم تنظیموں کو نشانہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024