ضرورت مند خاتون کو صرف ہزار روپے دینے پر سہانا خان کو تنقید کا سامنا
بولی وڈ خان شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کو ضرورت مند خاتون کو صرف ایک ہزار روپے دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شاہ رخ خان کا شمار بھارت کی امیر ترین شوبز شخصیات میں ہوتا ہے جب کہ ان کی بیٹی سہانا خان بھی ماڈلنگ کرتی ہیں اور جلد ہی وہ فلم ڈیبیو کرتی دکھائی دیں گی۔
حال ہی میں سہانا خان کو والدہ گوری خان اور فیشن ڈیزائنر فالگنی پیکاک کے ہمراہ ممبئی میں دیکھا گیا اور اس دوران سہانا خان نے ایک ضرورت مند خاتون کو محض ایک ہزار روپے دیے۔
سہانا خان کی جانب سے ضرورت مند خاتون کو ایک ہزار روپے دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سہانا خان کی جانب سے ضرورت مند خاتون کو اس وقت ایک ہزار روپے دیے گئے جب وہ والدہ کے ہمراہ ایک ہوٹل سے باہر نکل رہی تھیں اور ضرورت مند خاتون ان سے بھیک مانگنے آگئیں۔
ان کی وائرل ویڈیو میں دونوں ماں اور بیٹی کو فیشن ڈیزائنر کے ہمراہ ہوٹل سے نکلتے وقت کیمرامین اور فوٹوگرافرز نے گھیرے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سہانا خان ہوٹل سے باہر آتی ہیں تو ان کے پاس ایک ضرورت مند خاتون مدد کے لیے جاتی ہیں، جنہیں شاہ رخ خان کی بیٹی پرس سے دو نوٹ نکال کر دیتی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ فوٹوگرافرز ضرورت مند خاتون کو سہانا خان سے دور رہنے کی ہدایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سہانا خان کی جانب سے ضرورت مند خاتون کو محض دو نوٹ دیے جانے پر بعض افراد نے اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھیک میں خاتون کو صرف ایک ہزار روپے دیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ضرورت مند خاتون کو انتہائی کم رقم دینے پر سہانا خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی تربیت پر بھی سوال اٹھائے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے سہانا خان پر تنقید کرتے ہوئے کمنٹس میں لکھا کہ ان کی تربیت ہی ایسی کی گئی۔
بعض لوگوں نے لکھا کہ جس طرح ان کے والد سخت محنت سے پیسے کما رہے ہیں، اسی طرح وہ بھی انتہائی سخت فیصلے کرکے پیسوں کو خرچ کر رہی ہیں۔
جہاں لوگوں نے سہانا خان کو ضرورت مند خاتون کو انتہائی کم پیسے دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض لوگوں نے ان کی تعریفیں بھی کیں اور لکھا کہ وہ اچھے والد کی اچھی بیٹی ہیں، تبھی انہوں نے ضرورت مند خاتون کی مدد کی۔