• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:27pm

اداکاراؤں کے معاوضے کے لیے متنازع بات کہنے پر کاجول کو تنقید کا سامنا

شائع August 9, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کی مقبول بولی وڈ اداکارہ کاجول کی جانب سے بھارتی اداکاراؤں کا معاوضہ اداکاروں کے برابر کرنے کے لیے دی گئی متنازع دلیل پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق کاجول نے حال ہی میں دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے جگرن فلم فیسٹیول میں بولی وڈ اداکاراؤں کے کم معاوضے پر بات کی۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا جب بھارتی اداکاراؤں کو بھی اداکاروں جتنا معاوضہ ملنے لگے گا۔

کاجول نے فلم فیسٹیول میں دلیل دی کہ ماضی کے مقابلے میں اب شائقین بہتر ہو چکے ہیں اور وہ ہر طرح کا مواد دیکھنا پسند کرتے ہیں اور اسی وجہ سے حالات بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔

اسی پر بات کرتے ہوئے کاجول نے کہا کہ بالکل، بھارتی اداکاراؤں کو بھی اداکاروں کے برابر معاوضہ مل سکتا ہے لیکن یہ تب ہو سکے گا جب انڈیا میں ’ونڈر ویمن‘ جیسی فلمیں بننے لگیں گی۔

’ونڈر ویمن‘ ہولی وڈ فیمیل سپر ہیرو فلم ہے، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی اور مذکورہ سیریز کی دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔

کاجول کا مزید کہنا تھا کہ جب بھارت میں خواتین کی ’ونڈر ویمن‘ جیسی فلمیں بننے لگیں گی اور وہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی طرح کمائی کرنے لگیں گی تب اداکاراؤں کا معاوضہ بڑھ سکتا ہے۔

’پٹھان‘ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی اور یہ بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی۔

مذکورہ معاملے پر بات اداکارہ کی جانب سے بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بعض لوگوں نے لکھا کہ انہیں پہلے سمجھ نہیں آتا تھا کہ کاجول نے اجے دیوگن سے شادی کیوں کی لیکن اب انہیں یہ بات درست طریقے سے سمجھ میں آگئی کہ اداکارہ نے ایسا کیوں کیا؟

کچھ افراد نے کمنٹس کیے کہ شاہ رخ خان بھی کاجول کے بیان سے اتفاق نہیں کریں گے اور یہ ان کی مثال دے رہی ہیں۔

بعض افراد نے دلیل دی کہ معاوضے کا تعلق کسی بھی فلم کے کامیاب ہونے یا ناکام ہونے سے نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024