• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

بھارت:پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث

شائع August 9, 2023
توقع ہے کہ مودی کی بی جے پی تحریک عدم اعتماد کو با آسانی شکست دے گی—فائل فوٹو: اے این آئی ٹوئٹر
توقع ہے کہ مودی کی بی جے پی تحریک عدم اعتماد کو با آسانی شکست دے گی—فائل فوٹو: اے این آئی ٹوئٹر

اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی ایوان میں واپسی کے ایک روز بعد بھارتی پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق بحث کی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعت کانگریس نے شمال مشرقی ریاست منی پور میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری مہلک نسلی تنازع پر نریندر مودی کو رد عمل دینے پر مجبور کرنے کے لیے بحث کا آغاز کیا جب کہ اس معاملے پر جمعرات کے روز ایوان میں ووٹنگ کا امکان ہے۔

حکومتی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ یہ تحریک انتہائی غلط وقت پر لائی گئی ہے اور کانگریس کو بعد میں اس پر پچھتاوا ہو گا۔

نریندر مودی کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 2019 کے انتخابات میں 543 رکنی ایوان زیریں میں 303 نشستیں حاصل کیں اور توقع ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کو با آسانی شکست دے گی۔

بھارت کے اعلیٰ سیاسی خاندان کے فرزند راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت پیر کے روز بحال کی گئی جب کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے مودی کے حوالے سے تنقیدی بیان پر دی گئی ہتک عزت کیس میں سزا معطل کی تھی۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے پارلیمنٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک عدم اعتماد ہماری ضرورت ہے، ہمیں اسے لانا پڑا، اس کا تعلق تعداد سے نہیں ہے بلکہ اس کو لانے کی وجہ منی پور کے لیے انصاف ہے۔

ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات میں مئی سے لے کر اب تک کم از کم 120 افراد ہلاک ہو چکے، اس کی وجہ اکثریتی برادری ہندو میتی اور عیسائی کوکی برادری کے درمیان مسلح تصادم ہے۔

تشدد پر قابو پانے کے لیے بھارت کے دوسرے حصوں سے فوج کو تعینات کیا گیا، ریاست کے بیشتر حصوں میں کرفیو نافذ اور انٹرنیٹ بند ہے۔

بی جے پی کے قانون ساز نشی کانت دوبے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تحریک عدم اعتماد راہول گاندھی کے سیاسی کیریئر کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔

جنوبی ریاست کیرالہ کے قانون ساز راہول گاندھی نے اپنی واپسی کے بعد سے پارلیمنٹ میں کوئی بات نہیں کی، ان کی کانگریس پارٹی کبھی ایک غالب طاقت تھی لیکن نریندر مودی کی بی جے پی سے گزشتہ دو انتخابات ہار چکی ہے، وہ سابق وزرائے اعظم کے بیٹے، پوتے اور تحریک آزادی کے رہنما جواہر لعل نہرو کے پڑپوتے ہیں۔

کمزور کانگریس نے 2024 کے قومی انتخابات کے دوران مختلف علاقائی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک گرینڈ الائنس بنانے کی کوشش کی ہے جبکہ ان انتخابات کے دوان نریندر مودی مسلسل تیسری مدت کے لیے وزیراعظم بننے کی کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024