• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

عفان وحید، اداکارہ سونیا حسین کے ہمراہ فلم ڈیبیو کے لیے تیار

شائع August 2, 2023
— پرومو فوٹو
— پرومو فوٹو

ڈراموں اور ٹیلی فلموں سمیت ویب سیریز میں اداکاری سے لوگوں کو دیوانہ بنانے والے اداکار عفان وحید جلد ہی بڑے پردے پر سونیا حسین کے ہمراہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

عفان وحید نے انسٹاگرام پر اپنی آنے والی فلم ’رافی: دی ان ٹولڈ اسٹوری‘ کے پرومو پوسٹرز شیئر کیے، جن کے کیپشن میں انہوں نے سونیا حسین کا نام لکھا۔

عفان وحید کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹرز کو اداکارہ سونیا حسین نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے فلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے فلم کے پوسٹرز کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی آنے والی فلم ’رافی: دی ان ٹولڈ اسٹوری‘ عفان وحید کے ساتھ ہوگی۔

فلم کے حوالے سے ایکسپریس ٹربیون نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عفان وحید نے تصدیق کی کہ فلم، پاکستان کے مایہ ناز سائنس دان ڈاکٹر رفیع چوہدری کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں 1940 کا زمانہ دکھایا جائے گا اور فلم میں اردو اور انگریزی زبان کے علاوہ بھارتی ریاست ہریانہ میں بولی جانے والی زبان ہریانوی رنگھری بھی شامل ہوگی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے فلم کی مزید تفصیلات بتانے سے معذرت کی اور اسے ریلیز کرنے کے حوالے سے کوئی تفصیلات بھی بیان نہیں کیں۔

عفان وحید کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹرز سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ فلم میں مرکزی کرداری یعنی محمد رفیع چوہدری کے جوانی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر رفیع محمد چوہدری کو پاکستان کا ’فادر آف نیوکلیئر فزکس‘ کہا جاتا ہے، ان کا شمار ایٹمی پروگرام کے بانی سائنسدانوں میں کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر رفیع کو کیمبرج یونیورسٹی سے مایہ ناز ماہر طبیعات ’ردر فورڈ‘ کی سپروژن میں پی ایچ ڈی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جب کہ ممتاز سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند اُن کے شاگرد رہ چکے ہیں۔

قیام ِپاکستان کے وقت پنڈت جواہر لال نہرو نے ڈاکٹر رفیع سے درخواست کی تھی کہ وہ علی گڑھ یونیورسٹی کے شعبۂ فزکس کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سر انجام دیتے رہیں، مگر محب وطن سائنسدان نے قائداعظم کی دعوت پر لبیک کہا اور گورنمنٹ کالج لاہور جوائن کرکے وہاں ہائی ٹینشن لیبارٹری قائم کی، اس ادارے نے مستقبل میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں مرکزی کردار ادا کیا۔

1960 میں ڈاکٹر رفیع نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں شمولیت اختیار کی اور انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر مقرر کیے گئے، انہوں نے حساس نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر 42 ریسرچ پیپرز تصنیف کیے اور ان کی سرکردگی میں ’پی اے آر آر ون‘ ری ایکٹر قائم کیا گیا۔

اسی دوران انہیں ریڈی ایشن فزکسٹ ڈویژن کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا، جہاں تابکار مادوں پر مزید تحقیقات کے لیے ان کی کوششوں سے ’پی اے آر آر ٹو‘ ری ایکٹر کا قیام ممکن ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024