• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

جب میں اسلحہ اٹھاتی ہوں تو اپنا آپ مکمل لگتا ہے، ایمان علی

شائع July 31, 2023
— فائل فوٹو: ایمان علی انسٹاگرام
— فائل فوٹو: ایمان علی انسٹاگرام

اداکارہ اور ماڈل ایمان علی نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی فلم میں ایکشن کردار ادا کرنا چاہتی ہیں، ’مجھے اسلحہ بہت پسند ہے، مجھے اپنا آپ مکمل لگتا ہے جب میں اسلحہ اٹھاتی ہوں۔‘

حال ہی میں ایمان علی نے ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام دی ٹاک ٹاک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی، کریئر اور اپنی بیماری سے متعلق گفتگو کی۔

ایمان علی کہتی ہیں کہ وہ شروع سے ہی کم اعتماد رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ایوارڈ شوز میں شرکت نہیں کرتیں۔

فلموں میں بات کرنے کے حوالے سے ایمان علی نے بتایا کہ فلم ’ٹچ بٹن‘ میں انہوں نے صرف اپنا کردار انجوائے کیا، انہوں نے کہا کہ ٹچ بٹن کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر ان کا خیال نہیں رکھا گیا، سیٹ پر سہولیات نہیں تھیں، وینیٹی وین نہیں دی گئی، اُس وقت سردی بہت زیادہ تھی تو ہیٹر بھی نہیں چل رہا تھا۔

ایمان علی نے بتایا کہ ’پاکستانی فلموں کے اسکرپٹس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خواتین کے حوالے سے لکھے جانے والے کرداروں پر خوش نہیں ہوں، میں انتظار کر رہی تھی کہ کوئی بہت بڑا پروجیکٹ آفر ہو لیکن اتنا انتظار کرکے کوئی فائدہ نہیں ہوا، میرے لیے اگر کردار لکھے جاتے تو میں کام کرلیتی۔‘

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ فلموں کے لیے 2 اسکرپٹ لکھ چکی ہیں لیکن ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ فلم بنا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’2 اسکرپٹ لکھ چکی ہوں جو مکمل طور پر تیار ہیں، پہلے اسکرپٹ کو لوگ پڑھ کر کہہ رہے ہیں کہ یہ رومانوی کامیڈی اسکرپٹ ہے لیکن یہ عام زندگی سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا اسکرپٹ ایکشن فلم کے لیے ہے۔‘

ٹیلی ویژن پر کام کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے ایمان علی نے بتایا کہ ایک مختصر سیریل کے حوالے سے بات چل رہی ہے، جلد ہی ٹی وی پر نظر آؤں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ فلم یا ڈرامے میں ایکشن کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، ’مجھے اسلحہ بہت پسند ہے، مجھے اپنا آپ مکمل لگتا ہے جب میں اسلحہ اٹھاتی ہوں، اس لیے میں چاہتی ہوں کہ کسی ڈرامے یا فلم میں اسلحہ اٹھا کر کردار ادا کروں۔‘

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ نہ کرنے سے متعلق بتایا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ میں بہت پیاری ہوں لیکن آئینہ دیکھ کر یقین نہیں آتا، اس لیے میں میک اپ کرنے کے بعد آئینہ نہیں دیکھتی۔‘

ایمان علی نے بتایا کہ ’میں سیلفی نہیں لے سکتی، میں چاہتی ہوں کہ کوئی میری تصاویر لے، اسے ایڈٹ کرے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرلے۔ ’

انہوں نے بتایا کہ ’شوبز انڈسٹری میں میرے زیادہ دوست نہیں ہیں کیونکہ میرے پاس فالتو وقت نہیں ہے، دوستیاں مجھے جھوٹی لگتی ہے، سب جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، میں اپنے شوہر کے ساتھ گھر میں بیٹھ کر نیٹ فلکس دیکھنے کو ترجیح دیتی ہوں۔‘

ایمان علی نے اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شادی کے بعد کی زندگی زیادہ بہتر ہوگئی ہے، جیون ساتھی کے ساتھ محفوظ محسوس کرتی ہوں۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری کے کچھ اداکاروں نے انہیں شادی کے لیے پروپوز کیا تھا، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

ایمان نے اداکار کا نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ ایک اداکار میرے ساتھ شادی کے لیے سنجیدہ ہوگیا تھا، لیکن میں نے انکار کردیا کیونکہ میں اس پر بھروسہ نہیں کرتی تھی اور اس کی عادتیں اچھی نہیں تھیں اور اب اس کی شادی ہوچکی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر اپنی بیماری سے متعلق بات کی، انہوں نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے ملٹی پل اسکلیروسز (ایسی بیماری جس میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے حصے سخت ہوکر رسولی، اعصابی کمزوری اور دیگر کمزوریوں کا باعث بنتے ہیں) کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’2004 میں جب پہلی بار اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی تو برقع پہن کر فلم کی شوٹنگ کر رہی تھی، اس دوران ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگئی تھی۔‘

انہوں نے بیماری کی علامات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈھائی سال سے ان کے ہاتھ سُن ہیں، درد محسوس نہیں ہوتا، یہ بیماری اب میری زندگی کا حصہ ہے اور میری طرز زندگی مکمل طور پر بدل چکی ہے، اس بیماری سے میری عام زندگی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔‘

اداکارہ ایمان علی کی شادی قریبی دوست بابر بھٹی سے 2019 میں ہوئی تھی، لاہور سے تعلق رکھنے والی ایمان علی کی بابر بھٹی سے پہلی ملاقات کراچی میں ہوئی تھی۔

ایمان علی نے شوبز انڈسٹری میں بہت کم کام کیا ہے، انہوں نے اپنے کریئر کے دوران چند فلموں میں کام کیا، جن میں ٹچ بٹن، خدا کے لیے، ماہِ میر، بول شامل ہیں، جبکہ اگر ڈراموں کی بات کی جائے تو آخری بار 2012 میں ارمان ڈرامے میں کام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024