• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں حادثات، 5 افراد جاں بحق

شائع July 27, 2023
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں اور پُلوں کو بھی نقصان پہنچا — فوٹو: ڈان نیوز
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں اور پُلوں کو بھی نقصان پہنچا — فوٹو: ڈان نیوز

خیبر پختونخواہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں تین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ مانسہرہ کی تحصیل پوٹھہ میں بدھ کی رات مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ بدر بی بی، 9 سالہ عبدالجبار، 5 سالہ عبدالستار اور 5 سالہ حلیمہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

صدر کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محمد عامر نے بتایا کہ جب مٹی کا تودہ گرا تو خاندان سو رہا تھا اور چاروں افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کی رات علاقے میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں اور پُلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ایبٹ آباد میں 25 جولائی کی رات لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

دریں اثنا، دریائے سیران میں طغیانی سے پوٹھہ اور پکوا کو ٹاؤن شپ سے ملانے والا پُل بہہ گیا جبکہ پیدل چلنے کے راستوں اور رابطہ سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ملک کے بالائی، وسطی حصوں میں مون سون کی زبردست بارشیں متوقع

اس کے علاوہ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں اگلے تین دنوں کے دوران مون سون کی تیز بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون کی ہوائیں مسلسل ملک میں داخل ہو رہی ہیں اور ایک مغربی لہر ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں بھی موجود ہے۔

محکمے نے کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، لکی مروت میں بارش/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی۔

اس کے علاوہ کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، کرک، وزیرستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، قصور، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بھکر، ساہیوال، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی آج رات سے 30 جولائی تک وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی آج رات اور 28 جولائی (کل) آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 27 اور 28 جولائی کو ہونے والی شدید بارشوں سے بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

موسلا دھار بارشیں 27 جولائی (رات) سے 29 جولائی تک اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں اور مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقے کے کمزور علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔

محکمے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ محتاط رہیں تاکہ نم اور گیلے موسم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے نتیجے میں بجلی کے کھمبوں اور سولر پینل جیسے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آندھی، طوفان، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024