• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عروہ حسین سے متعلق متنازع بات کرنے پر افسوس ہے، اعجاز اسلم

شائع July 27, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

مقبول ماڈل اور سینئر اداکار اعجاز اسلم نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں گزشتہ برس ایک ٹی وی شو میں عروہ حسین سے متعلق متنازع بات کہنے پر شرمندگی ہے اور انہوں نے مذکورہ معاملے پر اداکارہ سے معافی بھی مانگی تھی۔

اعجاز اسلم نے مئی 2022 میں آج ٹی وی کے شو ’دی کپَل شو‘ میں کہا تھا کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین کا شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں سے رویہ ٹھیک نہیں ہوتا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے خود ایسی کوئی بات نہیں دیکھی اور نہ ہی انہوں نے عروہ حسین کے ساتھ کبھی کام کیا ہے، مگر انہوں نے ان سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں۔

اعجاز اسلم کے مطابق انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین نے ایک بار ایک ہدایت کار کو بھی جھاڑ پلادی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگر عروہ حسین سے متعلق مذکورہ باتیں درست ہیں تو انہیں اخلاقیات سیکھنے کی ضرورت ہے، تاہم وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ مذکورہ باتیں سچی ہیں۔

ان کے مذکورہ بیان پر عروہ حسین نے اظہار افسوس بھی کیا تھا جب کہ سینئر اداکار کو دیگر شوبز شخصیات نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اب ڈیڑھ سال بعد اعجاز اسلم نے ایک بار پھر مذکورہ معاملے پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہیں شو میں عروہ حسین کا نام نہیں لینا چاہیے تھا اور انہیں مذکورہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈکاسٹ میں مذکورہ معاملے پر بات کی اور اعتراف کیا کہ انہیں اداکارہ سے متعلق بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

اداکار نے دلیل دی کہ وہ پروگرام کے فارمیٹ کی وجہ سے اداکارہ کا نام لینے پر مجبور ہوئے، ساتھ ہی انہوں نے ایسے شوز کرنے والے پروڈیوسرز، میزبانوں اور ٹی وی چینلز پر بھی تنقید کی۔

سینئر اداکار کے مطابق میزبانوں کو اس طرح شو ڈیزائن نہیں کرنے چاہیے اور کسی بھی متنازع معاملے پر سوالات کرکے مہمان کو آپشنز بھی نہیں دینے چاہیے۔

اعجاز اسلم کے مطابق عام طور پر ایسے شوز میں اداکار زیادہ تر اپنے قریبی دوستوں کے نام لے کر جان چھڑاتے ہیں اور انہوں نے بھی مذکورہ پروگرام میں فیصل قریشی اور عدنان صدیقی کے بھی نام لیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب ان سے عروہ حسین والے معاملے پر سوال کرکے انہیں جواب کے لیے آپشن دیے گئے تو انہوں نے اداکارہ کا نام لیا لیکن ساتھ ہی وضاحت کی تھی کہ انہوں نے خود اداکارہ کا نامناسب رویہ نہیں دیکھا صرف اس متعلق سن رکھا ہے۔

اداکار نے شکوہ کیا کہ ان کی پوری بات کو شیئر کرنے کے بجائے ان کی مختصر کلپ نکال کر وائرل کی گئی اور ان کی بات کو متنازع بنایا گیا لیکن ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں عروہ حسین کا نام لینا ہی نہیں چاہیے تھا۔

اعجاز اسلم نے بتایا کہ مذکورہ کلپ وائرل ہونے کے بعد انہوں نے عروہ حسین سے فون پر بات کی تھی اور وہ ان سے کافی ناراض تھیں، اداکارہ نے انہیں کہا تھا کہ وہ ان سے ایسی بات کی امید نہیں کر رہی تھیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین سے معافی مانگی تھی اور مذکورہ پروگرام کے بعد اب وہ اس طرح کے سوالات کے جوابات نہیں دیتے۔

’ماضی میں مرد ماڈلز کو ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کی پیش کش کی جاتی تھی‘

سینئر اداکار نے کہا کہ جس وقت انہوں نے ماڈلنگ شروع کی اس وقت مرد ماڈلز کے لیے فیشن کی دنیا میں کام کرنا آسان نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت نئے ماڈلز کو کیریئر بنانے کے لیے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ان کے لیے اس وقت کے حالات بتانا مشکل ہے۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے ماڈلنگ شروع کی اس وقت مرد ماڈلز کو ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کی بہت پیش کش کی جاتی تھی اور اس ایسا رجحان عام تھا۔

اعجاز اسلم نے کہا کہ اس وقت انہوں نے اور ان کے پرانے ساتھیوں نے ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کے رجحان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ایسے نامناسب مطالبات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، جس وجہ سے انہیں کام سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان سمیت ان کے دوستوں نے ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کی حوصلہ شکنی کی تو انڈسٹری کے لوگ بھی سمجھ گئے کہ یہ لڑکے ان کے ہاتھ آنے والے نہیں اور پھر انہوں نے ان سے احتیاط کرنا شروع کی۔

خیال رہے کہ شوبز اور فیشن انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کی اصطلاح کو کام کے بدلے جنسی تعلقات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے متعدد اداکار ماضی میں بھی اس رجحان پر بات کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024