• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ماضی میں محبت ہوئی تھی، ابھی شادی کے لیے کم عمر ہوں، ہاظم بنگوار

شائع July 26, 2023 اپ ڈیٹ July 27, 2023
— فوٹو: صبح سما کے ساتھ، فیس بک
— فوٹو: صبح سما کے ساتھ، فیس بک

اپنے منفرد فیشن کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) ہاظم بنگوار نے کہا ہے کہ ماضی میں انہیں کسی سے محبت بھی ہوئی تھی اور فوری طور پر ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔

ہاظم بنگوار سرکاری افسر بننے سے قبل امریکا سمیت دیگر ممالک میں رہتے تھے، جہاں وہ ماڈلنگ کرتے دکھائی دیتے تھے۔

حال ہی میں وہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کا بچپن مختلف ممالک میں گزرا ہے۔

پروگرام کے دوران ہاظم بنگوار نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق عراق سے ہے اور وہ ان کی والدہ کے ملک، مراکش اور دیگر عرب ممالک میں بچپن گزار چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سرکاری افسر بننے سے قبل وہ بیرون ملک مقیم تھے، جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کرنے سمیت ماڈلنگ اور فیشن کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد میگزینز کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروائے۔

ہاظم بنگوار کے مطابق والد کی طرح انہیں پولیس میں جانے کا کوئی شوق نہیں تھا جب کہ سرکاری ملازمت کرنے پر والدہ ان سے ناراض ہوگئیں اور انہیں واپس بیرون ملک جانے کا بھی کہا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں اداکاری کی بھی پیش کش ہوچکی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہیں کسی سے محبت ہو چکی ہے اور انہیں اچھی محبت ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کن سے محبت ہوئی تھی۔

ہاظم بنگوار نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ان پر گھر والوں کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں اور یہ کہ وہ ابھی کم عمر ہیں، ان کا فوری طور پر شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب شادی کی عمر ہوگی تو وہ کرلیں گے۔

پروگرام کے ایک حصے میں ہاظم بنگوار نے پاکستان کے معروف اداکارؤں کو پہچاننے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ اداکاروں کو نہیں جانتے۔

ہاظم بنگوار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے علی سیٹھی کا مقبول ترین گانا ’پسوڑی‘ بھی نہیں سنا اور نہ ہی وہ گلوکار کو جانتے ہیں۔

انہوں نے اداکارہ مایا علی سمیت وہاج علی کو بھی پہچاننے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ ان کو نہیں جانتے۔

خیال رہے کہ ہاظم بنگوار کے والد اکبر علی بنگوار سابق پولیس افسر ہیں، ان کے والد ڈی آئی جی کے عہدے پر فائض رہ چکے ہیں۔

ہاظم بنگوار نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، اس سے قبل انہوں نے فیشن ڈیزائنگ میں بیچلرز بھی کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان میں مؤثر تعلیم، ماحول اور جانوروں کی فلاح و بہبود اور ہنگامی سرگرمیوں کے پروگرام کے لیے فنڈز بھی فراہم کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہوں نے ہاظم بنگوار فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے اپنا ایک یوٹیوب اکاؤنٹ بھی بنا رکھا ہے جہاں انہوں نے گانوں کی متعدد ویڈیوز بھی پوسٹ کی ہیں، وہ ماضی میں ماڈلنگ، گلوکاری، شاعری اور افسانہ نگاری کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024