• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

منوج باجپائی کی 170 کروڑ روپے کے اثاثوں پر وضاحت

شائع July 25, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار اور فلم ساز منوج باجپائی نے اپنے اثاثے 170 کروڑ روپے ہونے کی رپورٹس پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اب پروڈیوسرز انہیں اچھا معاوضہ دینا شروع کریں گے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق حال ہی میں متعدد بھارتی ویب سائٹس نے ذرائع سے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ منوج باجپائی کے پاس ایک ارب 70 کروڑ روپے کی دولت ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کی دولت میں اضافہ ان کی ویب سیریز کی کمائی کی وجہ سے ہوا اور اب وہ بولی وڈ کے امیر ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

منفرد کرداروں کی وجہ سے منوج باجپائی کو شہرت حاصل ہے—اسکرین شاٹ
منفرد کرداروں کی وجہ سے منوج باجپائی کو شہرت حاصل ہے—اسکرین شاٹ

اخبار کے مطابق اپنے پاس 170 کروڑ روپے کے اثاثے ہونے کی خبریں سننے اور پڑھنے کے بعد منوج باجپائی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کاش کہ رپورٹس سچی ہوجائیں اور ان کے پاس اتنی دولت آجائے۔

اداکار نے کہا کہ آج تک انہوں نے جس طرح کی فلمیں اور ویب سیریز کی ہیں، ان سے وہ اتنی دولت کما ہی نہیں سکتے۔

انہوں نے مثال دی کہ انہوں نے 2015 میں ’علی گڑھ‘ کی جب کہ 2018 میں ’بھونسلے‘ فلم کی اور ایسی فلموں سے اتنی دولت نہیں بنائی جا سکتی۔

منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ حالت یہ ہے کہ وہ ابھی تک ان افراد سے پیسے لینے کی کوشش میں ہیں جن کے ساتھ انہوں نے فلمیں کیں، تاہم انہوں نے ان پروڈیوسرز کے نام نہیں بتائے۔

منوج باجپائی زیادہ تر منفی کرداروں میں دکھائی دیتے ہیں—اسکرین شاٹ
منوج باجپائی زیادہ تر منفی کرداروں میں دکھائی دیتے ہیں—اسکرین شاٹ

ورسٹائل اداکار کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی دولت سے متعلق خبریں پڑھنے کے بعد پروڈیوسرز ان کا معاوضہ بڑھائیں گے اور انہیں اچھی رقم ملنے لگے گی۔

منفرد کردار ادا کرنے سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار کے مطابق وہ ابھی تک ان کوششوں میں مصروف ہیں کہ کسی نہ کسی طرح کچھ پیسے بچا کر اپنے اکاؤنٹ میں رکھ لیں لیکن ایسا ہو نہیں پا رہا۔

ساتھ ہی منوج باجپائی نے واضح کیا کہ ان کے لیے پیسے کمانا یا دولت بنانا کبھی مقصد نہیں رہا، انہوں نے اپنے کام کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے پر فوکس کیا۔

منوج باجپائی نے ہنستے ہوئے کہا کہ کاش ویب سائٹس کی رپورٹس سچی ہوجائیں اور ان کے پاس کہیں نہ کہیں سے 170 کروڑ روپے آجائیں۔

خیال رہے کہ منوج باجپائی نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 1994 کی فلم ’دروکال‘ کے ساتھ کیا۔

لیکن دوسرے اداکاروں سے برعکس وہ اپنے کیریئر میں آنے والی کامیابی کے ساتھ ساتھ ناکامی کو بھی خاصی اہمیت دیتے ہیں، وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں آتے ہیں۔

منوج باجپائی متعدد بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ
منوج باجپائی متعدد بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024