• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی دفتری عمارت تیار کرنے کا دعویٰ

شائع July 24, 2023
—فوٹو: سی این این
—فوٹو: سی این این

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی دفتری عمارت تعمیر کرلی، جس کا باضابطہ افتتاح رواں برس نومبر میں وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔

نریندر مودی نے اپنی ٹوئٹ میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں تعمیر کی گئی عمارت کو بھارتی معیشت کے لیے اہم قرار دیا۔

سورت شہر کو دنیا کا ’جواہر دارالخلافہ‘ بھی کہا جاتا ہے، جہاں سب سے زیادہ اصلی اور مصنوعی ہیرے تراشے اور تیار کیے جاتے ہیں۔

’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں تیار کی گئی عمارت کو ’سورت ڈائمنڈ بورس‘ کا نام دیا گیا ہے جو 35 ایکڑ رقبے پر بنائی گئی ہے۔

عمارت میں 15 منزلیں بنائی گئی ہیں اور اس کے مختلف بلاکس کو ایک ریڑھ کی ہڈی نما عمارتی لائن سے جوڑا گیا ہے۔

عمارت میں بیک وقت 67 ہزار ملازمین کام کر سکیں گے، جن میں ہیروں کو کاٹنے والے، ان کی صفائی کرنے والے، انہیں تراشنے والے، انہیں خوبصورت ہاروں میں ڈھالنے والے اور انہیں فروخت کرنے والے تاجر شامل ہوں گے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ’سورت ڈائمنڈ بورس‘ میں سیمینار ہالز، کانفرنس رومز، ہوٹل، سینما ہالز، جم، کلبس اور دیگر تفریحی پوائنٹس بھی موجود ہیں اور اس میں 2 لاکھ اسکوائر فٹ پر مبنی پارکنگ بھی بنائی گئی ہے۔

پوری عمارت کو جدید طریقوں سے تعمیر کرکے اسے ماحول دوست بنایا گیا ہے جب کہ اس میں سیکیورٹی کو بھی بہتر بناکر اس میں تمام جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔

عمارت کی تعمیر میں 4 سال سے زائد کا وقت لگا اور تخمینوں کے مطابق اس کی تعمیر میں 3 ہزار کروڑ روپے کی لاگت آئی اور اسے عالمی ماہرین تعمیرات سے ڈیزائن کروایا گیا۔

’سورت ڈائمنڈ بورس‘ کو دنیا کی سب سے بڑی دفتری یا کاروباری عمارت قرار دیا جا رہا ہے اور اسے امریکی محکمہ دفاع کے دفتر ’پینٹاگون‘ سے بھی بڑا قرار دیا جا رہا ہے۔

’پینٹاگون‘ گزشتہ 80 سال سے دنیا کی سب سے دفتری عمارت ہے، جہاں بیک وقت ہزاروں ملازمین کام کرتے ہیں، جس میں زیادہ تر جاسوسوں اور فوجیوں کی ہوتی ہے۔

تاہم اب دنیا کی سب سے بڑی دفتری یا کاروباری عمارت کا اعزاز ’سورت ڈائمنڈ بورس‘ کے پاس چلا جائے گا اور اس کا باضابطہ افتتاح نومبر میں کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024