• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عدنان سمیع سے دوسری شادی تھی، زیبا بختیار کی پہلی بار شادیوں پر کھل کر بات

شائع July 24, 2023
بیٹے کو والد سے نفرت نہیں سکھائی، اداکارہ— فائل فوٹو: انسٹاگرام
بیٹے کو والد سے نفرت نہیں سکھائی، اداکارہ— فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اور خوبرو اداکارہ زیبا بختیار نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ گلوکار عدنان سمیع خان سے انہوں نے دوسری شادی کی تھی۔

عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1990 کی دہائی میں شادی کی تھی، دونوں نے اس وقت شادی کی تھی جب زیبا بختیار کا کیریئر عروج پر تھا، تاہم ان کی شادی بھی جلد ہی طلاق پر ختم ہوئی۔

شادی کے کچھ ہی عرصے بعد ان میں طلاق ہوگئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان بچے کی کفالت کا طویل مقدمہ عدالتوں میں چلتا رہا اور 18 ماہ کی عدالتی جنگ کے بعد ماں نے بیٹی کی کفالت کا کیس جیتا۔

زیبا بختیار کی شادیوں سمیت ان کے حوالے سے دیگر ذاتی معلومات بھی گوگل پر دستیاب ہے، جسے اداکارہ نے جھوٹا قرار دیا اور تازہ انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان سے متعلق دستیاب بے تحاشا معلومات غلط ہے۔

آمنا حیدر عیسانی کو دیے گئے انٹرویو میں زیبا بختیار نے کہا کہ گوگل اور انٹرنیٹ پر ان کی والدین سے متعلق بھی غلط معلومات دستیاب ہے اور خصوصی طور پر ان کی والدہ کے حوالے سے غلط دعوے کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک انٹرنیٹ پر دستیاب خود سے متعلق متعلق معلومات کے حوالے سے کبھی برہمی کا اظہار نہیں کیا کیوں کہ انہیں لگا کہ لکھنے والے شاید ایسی غلط معلومات پھیلا کر خوشی محسوس کرتے ہوں گے۔

اداکارہ کے مطابق گوگل پر ان کی عمر سے متعلق بھی غلط معلومات دستیاب ہے، ان کی عمر 60 سال نہیں بلکہ 57 سال ہے۔

زیبا بختیار کا کہنا تھا کہ کم عمری میں شادیاں کرنے، پھر طلاقیں ہوجانے، بچے کی حوالگی سے متعلق عدالتوں کے چکر کاٹنے اور شوبز میں شہرت حاصل کرنے کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئیں اور کچھ وقت تک انہوں نے ڈپریشن کی ادویات بھی لیں۔

ان کے مطابق کچھ ہی وقت میں ڈپریشن کی دوائیاں لینے سے ان میں جسمانی تبدیلیاں ہوئیں تو انہوں نے ادویات لینا بند کرکے ورزش اور کھانے پینے پر توجہ دے کر ڈپریشن کا مقابلہ کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اب زائدالعمری میں بھی جسمانی فٹنس کا خیال رکھتی ہیں، وہ ہفتے میں تین بار جم جاتی ہیں، انہوں نے سکس پیک باڈی بنا لی ہے جب کہ ورزش کے دوران 16 کلو تک وزن اٹھا لیتی ہیں۔

انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ ڈپریشن کے لیے معالج کے پاس ضرور جائیں لیکن زیادہ تر ادویات کے بجائے دوسرے قدرتی طریقوں سے اس پر قابو پائیں کیونکہ ادویات کے بعض منفی اثرات بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ خواتین ورزش کرنے سمیت پڑھائی کریں اور ہر وہ کام کریں جس میں انہیں خوشی محسوس ہو۔

ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے زیبا بختیار نے انکشاف کیا کہ ان کی پہلی شادی 19 برس میں ہوگئی تھی اور اس وقت وہ شوبز کا حصہ نہیں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ایک سال بعد طلاق پر ختم ہوئی، جس کے بعد وہ شوبز میں آئیں اور جلد ہی دوسری شادی گلوکار عدنان سمیع خان سے کی اور اس وقت وہ فلموں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ جس طرح ان کی پہلی شادی بعض وجوہات پر طلاق پر ختم ہوئی، اسی طرح ان کی دوسری شادی بھی نہیں چل سکی اور ان کی طلاق ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے 18 ماہ تک بچے کی حوالگی کا مقدمہ عدالتوں میں لڑا۔

زیبا بختیار کا مزید کہنا تھا کہ بچے کی کفالت ملنے کے بعد انہوں نے بیٹے اذان سمیع خان کو والد سے نفرت نہیں سکھائی کیوں کہ وہ اس کے والد اور میرے سابق شوہر تھے۔

انہوں نے کہا کہ ضرور عدنان سمیع خان میں کچھ اچھائیاں دیکھی ہوں گی، تبھی ان سے شادی کی تھی اور پھر کیوں ایسے شخص سے متعلق بیٹے کو نفرت سکھاتی، اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

اگرچہ زیبا بختیار نے اعتراف کیا کہ ان کی دونوں شادیاں زیادہ عرصہ نہیں چل سکیں اور انہیں طلاق لینا پڑیں، تاہم انہوں نے شادیوں کے ختم ہونے کی وجوہات نہیں بتائیں اور نہ ہی انہوں نے اپنے پہلے شوہر سے متعلق کوئی وضاحت کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024