• KHI: Asr 4:37pm Maghrib 6:16pm
  • LHR: Asr 4:04pm Maghrib 5:44pm
  • ISB: Asr 4:07pm Maghrib 5:48pm
  • KHI: Asr 4:37pm Maghrib 6:16pm
  • LHR: Asr 4:04pm Maghrib 5:44pm
  • ISB: Asr 4:07pm Maghrib 5:48pm

کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل، دوسرا زخمی، موٹر وے پر احتجاج

شائع July 20, 2023
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب مشتبہ ڈاکؤوں سے مزاحمت کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے ایم نائن موٹر وے بلاک کر کے احتجاج کیا۔

ایس ایچ او سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا اورنگزیب خٹک نے کہا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد سپر ہائے وے پر ایک ٹائر کی دوکان پر آئے اور اسلحے کے زور پر موبائل فون، نقد رقم اور دیگر ضروری اشیا چھین لیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ افراد نےمزاحمت کی جس پر مسلح ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی اور وہاں سے فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 35 سالہ حاجی تاج جاں بحق اور 40 سالہ حاجی وارث زخمی ہوگیا جن کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ اس واقعے سے اہل علاقہ مشتعل ہوگئے جنہوں نے نیو سبزی منڈی کے قریب شاہراہ کے دونوں ٹریک بلاک کر دیے۔

مظاہرین نے جرائم پر قابو پانے میں پولیس کی ناکامی پر نعرے لگائے، انہوں نے مبینہ طور پر منڈی کے اندر واقع پولیس چوکی پر پتھراؤ کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔

احتجاج کے باعث شاہراہ کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہو گئے اور حیدرآباد سے کراچی آنے والی گاڑیوں کو ملیر، ماڈل کالونی کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ کراچی سے حیدرآباد جانے والی ٹریفک کو جمالی پل سے موڑ دیا گیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ کامیاب مذاکرات کے بعد اس یقین دہانی پر ہائی وے کو دوبارہ کھول دیا کہ قاتلوں کو ایک ہفتے میں گرفتار کر لیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024