• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جعلی ٹوئٹس انور مقصود کی زندگی کیلئے خطرے بن سکتی ہیں، بلال مقصود

شائع July 20, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام/انورمقصود/بلال مقصود
—فائل فوٹو: انسٹاگرام/انورمقصود/بلال مقصود

معروف گلوکار بلال مقصود نے ٹوئٹر پر اپنے والد اور نامور مصنف انور مقصود کے جعلی اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اس قسم کی جعلی ٹوئٹس میرے والد کی زندگی کے لیے خطرے کا سبب بن سکتی ہیں‘۔

بلال مقصور کی جانب سے انور مقصور کے نام سے بنائے گئے جس جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی کی گئی، اس کے 12 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور اس اکاؤنٹ نے کسی دوسرے اکاؤنٹ کو فالو نہیں کیا ہوا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس اکاؤنٹ کو ٹوئٹر کی جانب سے ’بلیو ٹک‘ بھی دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مداحوں کا خیال تھا کہ یہی اکاؤنٹ انور مقصود کا اصلی اکاؤنٹ ہے۔

اس کے علاوہ اگر اس اکاؤنٹ کی طرف سے ہونے والی ٹوئٹس کی بات کریں تو اس اکاؤنٹ پر مخصوص سیاسی جماعت کو واضح طور پر سپورٹ کیا جارہا ہے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں بھی بےتحاشا ٹوئٹس کی جارہی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس اکاؤنٹ کو چلانے والا شخص سماجی پلیٹ فارم پر ایکٹو ہے۔

انور مقصود کے نام سے ٹوئٹر پر جعلی اکاؤنٹ—فوٹو: اسکرین گریب
انور مقصود کے نام سے ٹوئٹر پر جعلی اکاؤنٹ—فوٹو: اسکرین گریب

دوسری جانب اگر انور مقصود کے اصلی اکاؤنٹ کی بات کریں تو اس اکاؤنٹ کے ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور اس اکاؤنٹ نے صرف بلال مقصود کے میوزک بینڈ ’اسٹرنگز‘ کو فالو کیا ہوا ہے۔

اس کے علاوہ اگر اس اکاؤنٹ کی طرف سے ہونے والی ٹوئٹس کی بات کریں تو اس اکاؤنٹ پر 3 ٹوئٹس کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ یہی اکاؤنٹ اصلی ہے باقی تمام اکاؤنٹ جعلی ہیں۔

انور مقصود کا ٹوئٹر پر اصلی اکاؤنٹ—فوٹو: اسکرین گریب
انور مقصود کا ٹوئٹر پر اصلی اکاؤنٹ—فوٹو: اسکرین گریب

گزشتہ کچھ ماہ سے دیکھا گیا ہے کہ ٹوئٹر و فیس بک پر ایسے متعدد اکاؤنٹس ہیں جن پر نہ صرف انور مقصود کی تصاویر شیئر کی جاتی ہیں بلکہ وہ اکاؤنٹس ان کے نام سے بنے ہوئے ہیں۔

مذکورہ اکاؤنٹس سے نہ صرف مصنف کی تحریروں کے اقتباسات شیئر کیے جاتے ہیں بلکہ ان کے ذریعے سیاستدانوں، فوجی جرنیلوں، کاروباری شخصیات اور سماجی شخصیات پر بھی بعض اوقات تنقید کی جاتی رہی ہے۔

جعلی اکاؤنٹ ہونے سے متعلق ہونے والی الجھن کو ختم کرنے کے لیے انور مقصود کے صاحبزادے اور نامور گلوکار بلال مقصور نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر تمام مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کے والد کا ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ ہے جہاں ان کی صرف 3 ٹوئٹس ہیں، اس کے علاوہ ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر انور مقصور کے نام سے جعلی اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شئیر کیا اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اس قسم کی جعلی ٹوئٹس میرے والد کی زندگی کے لیے خطرے کا سبب بن سکتی ہیں’۔

بلال مقصود نے مزید لکھا کہ ’یہ شخص مجھے پہلے ہی بلاک کر چکا ہے، پلیز آپ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’میرے والد سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرتے، ان کا صرف ایک اکاؤنٹ ہے جس پر صرف 3 پوسٹس ہیں، ہم نے وہ اکاؤنٹ صرف اسی لیے بنایا تھا کہ ہم پلیٹ فارم پر تمام جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کرسکیں‘۔

قبل ازیں سال 2020 میں انور مقصود نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دو ویڈیوز شئیر کی تھی تاکہ ان کے مداحوں کو ان کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بارے میں آگاہی مل سکے اور تمام جعلی اکاؤنٹ سے خبر دار کیا جاسکے۔

ایک ویڈیو میں انور مقصود کہتے ہیں کہ ’مجبوراً مجھے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ کھلوانا پڑا جو آج میں نے کھول دیا ہے، یہ میرا آفیشل اکاؤنٹ ہے‘۔

ایک اور ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹوئٹر پر میرا اکاؤنٹ انور مقصور زیرو ون (@AnwarMaqsood01) کے نام سے ہے، میرے نام سے باقی تمام اکاؤنٹ جعلی ہیں، اگر آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو ان جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024