• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

بیٹی کو شوبز کے علاوہ ہر فیلڈ میں کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، نادیہ خان

شائع July 19, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکار و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی علیزے خان کو صرف اور صرف شوبز میں کام کرنے سے منع کر رکھا ہے، باقی انہوں نے انہیں ہر فیلڈ میں کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

نادیہ خان دو جوان بچوں کی ماں ہیں، ان کی بڑی صاحبزادی کا نام علیزے جب کہ بیٹے کا نام اذان ہے۔

اداکارہ کی بیٹی 20 سال سے زائد العمر ہے جب کہ بیٹا 14 سال کا ہے۔

انہوں نے جنوری 2021 میں تیسری شادی فیصل راؤ سے کی تھی اور ان کے دونوں بچے انہیں پہلے شوہر سے ہیں۔

اداکارہ و میزبان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں جب کہ ان کے تیسرے شوہر کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

نادیہ خان ماضی میں بھی متعدد بار اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں بات کرتی آئی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے پہلی بار اپنی صاحبزادی علیزے کے ہمراہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی۔

نادیہ خان جواں سالہ بیٹی علیزے کے ہمراہ پروگرام میں شریک ہوئیں — فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک
نادیہ خان جواں سالہ بیٹی علیزے کے ہمراہ پروگرام میں شریک ہوئیں — فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک

’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں فریدہ شبیر نے بھی اپنی بیٹی اداکارہ یشمیرا کے ہمراہ جب کہ اداکارہ فائزہ خان نے بھی اپنی والدہ کے ہمراہ شرکت کی۔

پروگرام میں تینوں ماؤں اور ان کی بیٹیوں نے اپنے مستقبل اور اب تک کی زندگی کے بارے میں کھل کر باتیں کیں۔

نادیہ خان کی بیٹی علیزے خان نے بتایا کہ وہ کینیڈا میں بزنس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور انہوں نے اپنی مرضی سے بزنس کا شعبہ منتخب کیا۔

اسی دوران نادیہ خان نے انکشاف کیا کہ انہیں تو بیٹی کی جانب سے کینیڈا کی یونیورسٹی میں اپلائی کرنے کا بھی علم نہیں تھا۔

پروگرام کے دوران علیزے خان نے اپنی شادی سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں خود سے زائد العمر لڑکے پسند ہیں کیوں کہ وہ زیادہ سمجھدار ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایسے لڑکے سے شادی کرنا پسند کریں گی جس میں شادی سے قبل ہی والد بننے کے گُر ہوں، یعنی وہ اپنے والدین، بہن اور بھائیوں سمیت دیگر رشتہ داروں کی بھی عزت کرتے ہوں۔

اسی دوران نادیہ خان نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ امریکا گئیں تو ان کی ایک سہیلی نے انہیں ابھی سے ہی بیٹی کی شادی کرنے کا کہا اور اتنی باتیں کیں کہ انہوں نے بھی بیٹی کی شادی کرنے کا سوچا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے سہیلی کی باتیں سن کر امریکا میں ہی مقیم ایک ہارٹ سرجن لڑکے کو پسند کیا اور سوچا کہ ان سے بیٹی کا رشتہ طے کرتے ہیں، لیکن پھر شوہر فیصل راؤ سے مشورے کے بعد ان کا خیال بدل گیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس بیٹی کے رشتے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی بڑے کاروبار افراد کے رشتے بھی آچکے ہیں لیکن انہوں نے سب کو منع کردیا۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی ابھی بہت جوان ہیں اور وہ کبھی بھی خود سے امیر افراد میں بیٹی کا رشتہ نہیں کریں گی۔

اداکارہ کے مطابق وہ ایسے گھرانے میں بیٹی کا رشتہ طے کریں گی، جہاں شوبز کے افراد کی عزت ہو، انہیں اچھے گھرانے کا سمجھا جاتا ہو۔

اسی حوالے سے انہوں نے خواتین پر گھریلو تشدد پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ جب بھی اپنی بیٹی کا رشتہ طے کریں گی تو پہلے داماد کو بلاکر انہیں ہتھوڑوں، خنجر اور دیگر آلات کو سامنے رکھ کر سمجھائیں گی کہ اگر انہوں نے ان کی بیٹی پر ہاتھ بھی اٹھایا تو ان کی خیر نہیں۔

نادیہ خان نے دلیل دی کہ شادی سے قبل لڑکیوں کو لڑکوں کو آزمانا چاہیے، انہیں اس قدر غصہ دلائیں کہ لڑکا کچھ کرنے پر مجبور ہوجائے۔

ان کے مطابق اگر غصہ آنے پر لڑکا رونا شروع ہوجائے تو سمجھ جائیں کہ لڑکا شریف ہے اور اگر غصے میں لڑکا تشدد کرے یا دوسری حرکتیں کرے تو رشتہ ختم کردیا جائے۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان کی بیٹی علیزے خان نے کہا کہ انہیں شروع میں اداکاری کا تھوڑا بہت شوق تھا لیکن اب نہیں ہے اور وہ مستقبل میں بزنس کے شعبے میں ہی جانا پسند کریں گی۔

اسی پر نادیہ خان نے بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے بیٹی کو صرف شوبز میں کام کرنے سے منع کر رکھا ہے۔

میزبان ندا یاسر نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے شوبز میں کام کرنے سے بیٹی کو کیوں منع کیا ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ شوبز میں کام کرنا ہوائی روزی روٹی کے برابر ہے۔

نادیہ خان نے دلیل دی کہ شوبز میں خواتین جب 40 سال کی ہوجاتی ہیں تو ان کا کیریئر ختم ہوجاتا ہے جب کہ لڑکوں کا 40 سال کی عمر کے بعد کیریئر مزید بہتر بن جاتا ہے۔

انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ یہ کیسی نوکری ہے جو سمجھداری کے وقت ختم ہوجاتی ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے شوبز کو لڑکوں کے لیے بہتر آپشن قرار دیا اور کہا کہ لڑکوں کے لیے 40 سال کی عمر کے بعد بھی بہتر مواقع ہیں اور وہ بیٹے اذان میں شوبز میں کام کرنے کی دلچسپی دیکھتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024