• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بھارت: غیر معمولی شدید بارشوں کے بعد دریائے جمنا تاج محل کی دیواروں سے ٹکرانے لگا

شائع July 19, 2023
آخری بار دریا تاج محل کی دیواروں تک 45 برس قبل 1978 میں پہنچا تھا—فوٹو:اے ایف پی
آخری بار دریا تاج محل کی دیواروں تک 45 برس قبل 1978 میں پہنچا تھا—فوٹو:اے ایف پی

بھارت میں غیر معمولی شدید بارشوں کے بعد اس کی شمالی ریاست اتر پردیش سے گزرنے والا دریائے جمنا آگرہ شہر میں موجود تاریخی عمارت تاج محل کی بیرونی دیواروں سے ٹکرا رہا ہے جس سے 17ویں صدی کی سفید سنگ مرمر سے تعمیر تاریخی یادگار کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش سمیت شمالی بھارت میں غیر معمولی طور پر شدید بارشوں کے بعد گزشتہ چند روز کے دوران دریائے جمنا میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، یکم جون سے شروع ہونے والے 4 ماہ تک کے مون سون سیزن کے دوران اب تک معمول سے 108 فیصد زیادہ بارشیں ہوچکی ہیں۔

بھارت کے سینٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے مطابق تاج محل کے ساتھ بہنے والے دریا کی سطح منگل کی شام تک 152 میٹر تک بڑھ گئی، یہ سطح 151.4 میٹر کے ممکنہ خطرے کے وارننگ لیول سے کافی اوپر ہے، خطرناک سمجھی جانے والی سطح 152.4 میٹر ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا کہ آخری بار دریا تاج محل کی دیواروں تک 45 برس قبل 1978 میں پہنچا تھا۔

منگل کے روز علاقے کے مناظر میں تاج محل کی دیوار کو پانی سے گھرا دیکھا گیا۔

تاج محل کے ساتھ ساتھ ملک میں کئی دیگر یادگاروں کی نگرانی کرنے والے بھارت کے محکمہ آثار قدیمہ سروے (اے ایس آئی) کے عہدیداروں نے کہا کہ فی الحال یادگار کے بارے میں کوئی سنجیدہ تشویش نہیں ہے۔

اے ایس آئی کے سپرنٹنڈنٹ آرکولوجسٹ راج کمار پٹیل نے کہا کہ اگر مزید بارش ہوتی ہے یا پانی کی سطح مزید کچھ روز تک اتنا ہی بلند رہتی ہے تو ہمیں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دریائے جمنا کے کنارے تاج محل کے قرب و جوار میں واقع کئی دیگر یادگاریں اور باغات پانی میں ڈوب چکے ہیں اور انہیں نقصان پہنچا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024