• KHI: Maghrib 6:03pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:20pm Isha 6:46pm
  • ISB: Maghrib 5:21pm Isha 6:49pm
  • KHI: Maghrib 6:03pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:20pm Isha 6:46pm
  • ISB: Maghrib 5:21pm Isha 6:49pm

مارگلہ ہلز ریپ کی کہانی من گھڑت اور جھوٹی تھی، اسلام آباد پولیس

شائع July 18, 2023 اپ ڈیٹ July 19, 2023
مبینہ متاثرہ خاتون کو پولیس اسٹیشن بلایا گیا تو اس نے مجسٹریٹ کے سامنے تمام حقائق اور پورا منصوبہ بتا دیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
مبینہ متاثرہ خاتون کو پولیس اسٹیشن بلایا گیا تو اس نے مجسٹریٹ کے سامنے تمام حقائق اور پورا منصوبہ بتا دیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مارگلہ ہلز میں ریپ کا مبینہ واقعہ ایک جھوٹی کہانی نکلی اور ملزم نے ذاتی دشمنی کا بدلہ چکانے کے لیے ساتھی پر ریپ کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کی ایف آئی آر درج کی تھی، پولیس نے اتوار کو کہا تھا کہ انہوں نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

آج جاری کردہ ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ مشتبہ شخص کا اپنے ساتھی سے جھگڑا ہوا تھا جس نے بدلہ لینے کے لیے ایک گروپ سے رابطہ کیا۔

ساتھی نے گروپ کے ایک رکن سے رابطہ کیا جو راولپنڈی کا رہائشی ہے تاکہ مشتبہ شخص پر ریپ کا جھوٹا الزام لگایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس گروپ کے ایک رکن نے شیخوپورہ میں مقیم مبینہ متاثرہ شخص سے رابطہ کیا اور دونوں نے ریپ کے اس ڈرامے کا منصوبہ تیار کیا جس میں مشتبہ شخص بھی شامل تھا۔

پولیس نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ منصوبے کے مطابق متاثرہ خاتون کو مشتبہ شخص کو لے کر ٹریل 3 پر جانا تھا، ٹریل 3 پر پہنچ کر اسے ریپ کا ڈراما کرتے ہوئے چیخ و پکار کرنی تھی اور اس دوران گروپ کے باقی افراد موقع پر پہنچ کر ویڈیو بنا لیتے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملزم اور اس کے اہل خانہ کو ویڈیو بنا کر بلیک میل اور بھتہ وصول کرنا تھا، متاثرہ خاتون کی ملزم سے ٹریل 3 پر ملاقات ہوئی لیکن اس کے ساتھی موقع پر نہیں پہنچ سکے، متاثرہ خاتون طویل انتظار کے بعد ملزم کے ساتھ واپس راولپنڈی روانہ ہو گئی۔

اس کے بعد اس نے تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی اور واپس شیخوپورہ چلی گئی، ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے ہر زاویے سے معاملے کی تفتیش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ جب مبینہ متاثرہ خاتون کو پولیس اسٹیشن بلایا گیا تو اس نے مجسٹریٹ کے سامنے تمام حقائق اور پورا منصوبہ بتا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا گروہ ہے جو لوگوں سے دھوکا دہی سے پیسے بٹور کر انہیں بلیک میل کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ متاثرہ شخص کے خلاف شیخوپورہ اور مریدکے میں دو مقدمات درج ہیں جبکہ گروہ کے ایک رکن کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ ابھی زیر تفتیش ہی تھا کہ اسی دوران سوشل میڈیا پر اس کیس کے حوالے سے باقاعدہ مہم چلائی گئی۔

پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ پولیس کی حتمی رپورٹ آنے تک افواہوں پر یقین نہ کریں کیونکہ ایسی مہم پولیس کی تفتیش متاثر کر سکتی ہے جس سے مجرموں کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم کے اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے بھی اسلام آباد پولیس کے بیان کی تصدیق کی اور ریپ کیس کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیس ایک مثال ہے کہ کس طرح سوشل میڈیا کو جعلی خبریں اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے اکاؤنٹس نے مارگلہ ہلز پر مبینہ ریپ کی جعلی خبروں کے بارے میں ٹوئٹ کیا تھا اور لوگوں کو تاکید کی کہ وہ آئندہ غیر تصدیق شدہ خبریں پھیلانے کے بجائے احتیاط سے کام لیں۔

ہفتے کو اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات میرٹ پر کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ متاثرہ خاتون کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ریپ کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ متاثرہ خاتون اور ملزم کے درمیان دوستی تھی۔

پولیس نے کہا کہ درخواست گزار پولیس کے ساتھ تعاون کرنے سے گریزاں رہیں اور انہوں نے مشتبہ شخص کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 جنوری 2025
کارٹون : 13 جنوری 2025