• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اسلام آباد: مارگلہ کی ہائکنگ ٹریل پر خاتون کے ’ریپ‘ کا ملزم گرفتار

شائع July 16, 2023
پولیس کو دعویٰ ہے کہ ابتدائی میڈیکل میں خاتون کے ساتھ ریپ ثابت نہیں ہوا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
پولیس کو دعویٰ ہے کہ ابتدائی میڈیکل میں خاتون کے ساتھ ریپ ثابت نہیں ہوا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

اسلام آباد پولیس نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں ہائکنگ ٹریل پر خاتون کے مبینہ ریپ کے ملزم کو 3 روز کی کوششوں کے بعد بالآخر گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ ریپ کا شکار خاتون نے اسلام آباد کے کوہسار پولیس اسٹیشن پہنچ کر ضابطہ فوجداری کے سیکشن 376 کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی میڈیکل میں خاتون کے ساتھ ریپ ثابت نہیں ہوا، خاتون کے جسم پر ریپ کے دوران مزاحمت یا جھاڑیوں کے سبب کوئی نشان نہیں پائے گئے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون پولیس کو کیس کی تفتیش میں معاونت فراہم نہیں کر رہی تھیں، پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر ملزم کی تلاش کے بعد رات گئے اسے گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ 14 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں ہائکنگ ٹریل پر خاتون کے مبینہ ریپ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو موصول ایف آئی آر کے مطابق مریدکے سے تعلق رکھنے والی خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ نوکری کی تلاش میں تھیں اور انہیں دو ماہ قبل واٹس ایپ پر ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا۔

ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ’اس شخص نے مجھے کہا کہ وہ محکمہ تعلیم میں اکاؤنٹنٹ ہیں جہاں اسامیاں خالی ہیں اور وہ ملازمت کے حصول میں ان کی مدد کر سکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے اس کے بدلے مجھے 50 ہزار روپے دینے کا کہا، مجھے راولپنڈی آنے کو کہا گیا اور 12 جولائی کو میں راولپنڈی پہنچی۔

خاتون نے کہا کہ اسی دن اس شخص نے ان سے اپنا پتا شیئر کرنے کا کہا جس کے بعد وہ ٹینچ بھاٹا بس اسٹاپ پر ملے، وہاں انہوں نے اس شخص کو اپنی سی وی اور 30 ہزار روپے دیے اور مزید 20 ہزار روپے ملازمت کا تحریری آرڈر ملنے کے بعد دینے کو کہا۔

خاتون نے کہا کہ اس شخص نے انہیں ایک سینئر افسر سے ملنے کا بھی کہا جو ملازمت کے لیے ان سے انٹرویو کریں گے۔

متاثرہ خاتون نے مزید کہا کہ اس شخص نے مجھے بتایا کہ مجھ سے ملنے کے بعد افسر واقف ہوں گے اور بغیر کسی اعتراض کے دستیاب نوکری کے لیے آپ کو منتخب کریں گے۔

خاتون نے کہا کہ اس مقصد کے لیے مشتبہ شخص نے انہیں ٹینچ بھاٹا کے آخری بس اسٹاپ سے اٹھایا اور جمعرات (13 جولائی) کو ایک موٹر سائیکل پر مارگلہ ہلز کے ٹریل 3 پر لے گیا، جس کے بعد وہ انہیں جنگل کی طرف لے گیا اور 3 بجے کے قریب گن پوائنٹ پر ریپ کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے شور مچانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی، اس لیے وہ ڈر کے مارے خاموش رہیں۔

متاثرہ خاتون نے کہا کہ مشتبہ شخص نے دھمکی دینے کے بعد پھر انہیں آخری بس اسٹاپ پر اتارا۔

خاتون نے مطالبہ کیا کہ مشتبہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان کا طبی معائنہ کروایا جائے۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ایک لیڈی کانسٹیبل کے ساتھ پولی کلینک بھیجا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024