• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغانستان دہشتگردی کیلئے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کرے، پاکستان

شائع July 14, 2023
ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کو اسلاموفوبیا کے معاملے پر ایک آواز ہو کر بات کرنی چاہیے — تصویر: دفتر خارجہ فیس بک
ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کو اسلاموفوبیا کے معاملے پر ایک آواز ہو کر بات کرنی چاہیے — تصویر: دفتر خارجہ فیس بک

پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دہشت گردی کے خطرات سے متعلق امور سمیت تعاون اور تشویش کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانا ان (افغان حکام) کی ذمہ داری ہے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور افغان حکام نے مختلف مواقع پر یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک قابض افواج کے ہاتھوں 780 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے جاری بھارتی جبر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک بھارتی جبر کے خلاف پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی منصفانہ جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک اہم دستاویز ہے جس سے پاکستان اور بھارت دونوں کو فائدہ پہنچا، پاکستان اس کے مکمل نفاذ کے لیے پرعزم ہے اور امید ہے کہ بھارت بھی اس پر کاربند رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے حال ہی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ ایک تاریخی قرارداد کو منظور کیا ہے جس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ اقدامات سمیت مذہبی منافرت کی کسی بھی حرکت کی مذمت کی گئی اور مجرموں کے محاسبے پر زور دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا کہ قرارداد کی متوازن اور غیر سیاسی نوعیت ہونے کے باوجود اس کو غلط بنیادوں پر ووٹ کے لیے پیش کیا گیا جس نے کونسل کے اتفاق رائے کو پٹری سے اتار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کو اسلاموفوبیا کے معاملے پر ایک آواز ہو کر بات کرنی چاہیے جس سے 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں، وقار اور تشخص پر اثر پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، اسلاموفوبیا اور زینوفوبیا کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے اور بین المذاہب مکالمے، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے میں پیش پیش رہے گا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر برائے ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ پیر سے پاکستان کا تین روزہ دورہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آذر بائیجان کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایوی ایشن، مواصلات، ریلویز اور میری ٹائم افیئرز کی وزارتوں میں پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے اور کنیکٹیویٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024