• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بیچاری عورت کے کرداروں میں آنکھیں رو رو کر تھک چکی ہیں، اشنا شاہ

شائع July 13, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

مقبول اداکارہ اشنا شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ بیچاری اور مظلوم عورت کے کردار ادا کرتے ہوئے وہ ڈراموں میں اتنا روئی ہیں کہ ان کی آنکھیں رو رو کر تھک چکی ہیں۔

اشنا شاہ کو ڈراموں میں عام طور پر مظلوم، مجبور اور شاطر خاتون کے کردار دیے جاتے ہیں، تاہم انہوں نے دیگر کرداروں کو بھی بخوبی نبھایا ہے۔

’بشر مومن‘ ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حال ہی میں ’جیو ڈیجیٹل‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اب کچھ بھی ہوجائے وہ گھریلو تشدد کو اچھی چیز کے طور پر پیش کرنے والے کردار نہیں نبھائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ ’بشر مومن‘ میں کام کرنے کے دوران وہ شوبز میں نئی تھیں، اس لیے وہ مذکورہ ڈرامے میں اپنے کردار کو مسترد بھی نہیں کرپائیں لیکن اب وہ اس طرح کے گھریلو تشدد کو مثبت انداز میں پیش کرنے والے کردار ادا نہیں کریں گی۔

ان کے مطابق بطور اداکارہ اب وہ میچوئر ہو چکی ہیں، ان کی اداکاری بھی بہتر ہوئی اور اب مقبول ہوجانے کی وجہ سے بہت سارے غلط کرداروں کو مسترد بھی کر سکتی ہیں۔

پاکستان میں ساس اور بہو کے جھگڑوں کے درمیان بنائے جانے والے ڈراموں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ اچھے ڈرامے بننے چاہئیں اور دوسری کہانیاں بھی آنی چاہئیں لیکن پروڈیوسرز اپنا پیسہ ڈبونا نہیں چاہتے، اس لیے وہ ایسے ڈراموں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، جس سے انہیں کمائی ہو۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک طرح سے ایسے ڈرامے بنانا مجبوری بھی ہے کیونکہ انڈسٹری کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے فی الحال ایسا ہی کرنا پڑے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں بھی اشنا شاہ نے کہا کہ جب انہوں نے ’بشر مومن‘ میں کام کیا تو کافی عرصے تک انہیں اسی ڈرامے سے ملتے جلتے کرداروں کی پیش کش ہونے لگی اور پھر جب انہوں نے ’بلا‘ میں کام کیا تو انہیں منفی کرداروں کی پیش کش ہونے لگی۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ مظلوم اور مجبور عورت کے کردار ادا کرتے کرتے ان کی آنکھیں رو رو کر تھک چکی ہیں اور اب وہ خود مختار اور مضبوط عورت کے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔

اشنا شاہ نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی وہ ایک ڈرامے میں خود مختار اور مضبوط خاتون کے کردار میں دکھائی دیں گی، جس میں انہوں نے زائد العمر خاتون کا روپ دھارا ہے جب کہ وہ ڈرامے میں اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب اور پیسے کمانے والی ہوتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024