چیئرمین پی ٹی آئی کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کیلئے دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار

شائع July 11, 2023
عمران خان جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے — فائل فوٹو: ہائی کورٹ ویب سائٹ
عمران خان جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے — فائل فوٹو: ہائی کورٹ ویب سائٹ

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے انہیں ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہیں راولپنڈی، میانوالی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے لہٰذا وہ شامل تفتیش ہوکر حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سیکیورٹی کے مسائل ہیں اس لیے لاہور ہائی کورٹ درخواست ضمانت پر سماعت کرے، اس سے قبل اینٹی کرپشن کے مقدمے میں بھی لاہور ہائی کورٹ نے براہ راست درخواست ضمانت پر سماعت کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائی کورٹ آٹھوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرے اور ضمانت منظور کر کے پولیس کو ان مقدمات میں گرفتاری سے روکے۔

تاہم درخواستوں پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے ماتحت عدالتوں کا فورم استعمال نہیں کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی گئیں اور جسٹس علی باقر نجفی کی زیر سربراہی دو رکنی بینچ کی جانب سے سماعت کے موقع پر عمران خان خود لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

سماعت کے موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ پولیس نے پاکستان میں 9 مئی کے درج مقدمات میں عمران خان کو نامزد کرنا شروع کر دیا ہے اور ان کے خلاف چار مختلف شہروں میں مقدمات درج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ان شہروں میں نہیں جاسکتے، جہاں پر ممکن ہوتا ہے ہم اس عدالت میں جاتے ہیں، اسلام آباد کی عدالتوں میں ہم باقاعدگی سے پیش ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے پہلے عبوری ضمانتیں متعلقہ ٹرائل کورٹ میں دائر کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا، درخواست گزار کے لیے عام حالات نہیں ہیں، دو رکنی بینچ کے روبرو 7 اور ایک سنگل بینچ کے لیے ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سڑکیں غیر محفوظ ہیں، امن و امان کا مسئلہ ہے، ایک مسئلے پر مختلف علاقوں میں مقدمات درج کر دیے جاتے ہیں۔

دو رکنی بینچ نے رجسٹرار آفس کے اعتراض پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور اپنے فیصلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی ضمانت کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا۔

عدالت کے ریڈر نے دو رکنی بینچ کے فیصلے سے آگاہ کیا اور لاہور ہائی کورٹ نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024