• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے معلومات ظاہر کرنے سے متعلق ’گائیڈنس نوٹس‘ جاری کردیے

شائع July 9, 2023
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 7 جولائی کو دو کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے حوالے سے وضاحتیں طلب کیں— فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 7 جولائی کو دو کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے حوالے سے وضاحتیں طلب کیں— فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے اپنے موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت مٹیریل انفارمیشن افشا کرنے اور اس کی رپورٹنگ کی ذمے داریوں کے بارے میں لسٹڈ کمپنیوں کے لیے ’گائیڈنس نوٹس‘ جاری کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے گائیڈنس نوٹس سے متعلق نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، ان نوٹس کا مقصد بہتر وضاحت اور زیادہ سے زیادہ شفافیت فراہم کرنا ہے۔

یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب بہت سی لسٹڈ کمپنیاں بظاہر مٹیریل معلومات سے متعلق بروقت مطلع کرنے میں ناکام رہتی ہیں، جو بعض اوقات قیمت یا تجارت شدہ شیئرز کے حجم میں غیر معمولی حرکت کا سبب بنتی ہے۔

مثال کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 7 جولائی (بروز جمعہ) کو دو کمپنیوں ایل ایس ای پروپ ٹیک لمیٹڈ اور ڈیٹا ایگرو لمیٹڈ سے جون میں ان کے شیئرز کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے حوالے سے وضاحتیں طلب کیں۔

جاری کردہ رہنما نوٹس 20 شعبوں سے متعلق ہیں جن میں شیئر ٹرانسفر بُکس کی بندش سے لے کر اسٹاک ایکسچینج کے اختیارات تک شامل ہیں۔

قیمت کے حوالے سے حساس معلومات، افواہ، حساس معلومات پر مشتمل رپورٹ، اسٹاک کی قیمت یا حجم میں غیر معمولی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے فہرست میں شامل کمپنیوں کو مادی معلومات کا مکمل، شفاف اور بروقت اظہار کرنے کی یاد دہانی کرائی۔

اس نے لسٹڈ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ قیمت سے متعلق حساس معلومات کو کسی دوسرے شخص یا پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کو جاری کرنے سے قبل پاکستان یونیفائیڈ کارپوریٹ ایکشن رپورٹنگ سسٹم (پی یو سی اے آر ایس) کے ذریعے فوری طور پر پھیلا دیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ مادی ایونٹس جیسے پلانٹس کی عارضی بندش اور بنیادی کاروباری سرگرمیوں کی معطلی کو آئندہ فنانشل اسٹیٹمنٹ میں ظاہر کیے جانے سے روکنا نہیں چاہیے۔

رہنما نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی ڈائریکٹر، سی ای او، زیادہ شیئر ہولڈر، ایگزیکٹو یا ان کے شریک حیات کو کمپنی شیئرز میں کسی بھی ٹریڈنگ کے بارے میں اپنے کمپنی کے سیکریٹری کو فوری طور پر مطلع کرنا چاہیے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد کمپنی سیکریٹری فوری طور پر پی یو سی اے آر ایس کے ذریعے وہ معلومات اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کرے اور ٹرانزیکشن کی تمام تفصیلات بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آئندہ میٹنگ میں پیش کرے۔

رہنما نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لسٹڈ کمپنیوں کو ہر سال کم از کم ایک کارپوریٹ بریفنگ سیشن کا انعقاد کرنا چاہیے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ رابطہ کاری میں بہتری لانے، تعلقات استوار کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے سوالات و خدشات کو دور کرنے میں مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ کارپوریٹ بریفنگ سیشن کا انعقاد کریں۔

تاہم اس میں کہا گیا ہے کہ لسٹڈ کمپنیاں کارپوریٹ بریفنگ سیشن کے دوران ایسی کوئی بھی معلومات نہ پھیلائیں جن کی تشہیر قابل اطلاق قواعد و ضوابط کے تحت ممنوع ہو۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024